فلم ’پٹھان‘ پر عرفی جاوید اور کنگنا رناوت میں نوک جھوک

January 31, 2023

فائل فوٹو

بالی ووڈ کی متنازع اداکارہ کنگنا رناوت گزشتہ کچھ دنوں سے شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کے بارے میں ٹوئٹ کر رہی ہیں۔

حال ہی میںبھارتی ریئلٹی شو بگ باس (او ٹی ٹی) میں شامل اداکارہ عرفی جاوید نے کنگنا رناوت کے فلم ’پٹھان‘ کے بارے میں کیے گئے ایک ٹوئٹ پر اپنے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔

عرفی جاوید نے اپنے ردِ عمل میں لکھا کہ اوہ میرے خدا! یہ تقسیم کا کیا مطلب ہے کہ مسلمان اداکار یا ہندو اداکار؟

اُنہوں نے مزید لکھا کہ آرٹ کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم نہیں کیا جاتا، اداکار صرف اداکار ہوتا ہے۔

کنگنا رناوت نے عرفی جاوید کے اس ردِعمل کے جواب میں لکھا کہ جی میری پیاری عرفی، وہ ایک مثالی دنیا ہوگی لیکن یہ اس وقت تک ممکن نہیں جب تک ہمارے پاس یونیفارم سول کوڈ نہ ہو، کیونکہ اس قوم کی آئین کے تحت تقسیم کردی گئی ہے، اس لیے یہ قوم اس طرح بٹی ہی رہے گی، آئیے ہم سب نریندر مودی جی سے 2024ء کے منشور میں یونیفارم سول کوڈ کا مطالبہ کریں۔

اُنہوں نے اس حوالے سے عرفی کی رائے جاننے کے لیے سوال کیا کہ کیا ہم ایسا کریں گے؟

عرفی جاوید نے کنگنا رناوت کے سوال کا مضحکہ خیز انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ یونیفارم کا زخم میرے لیے تو ایک برا خیال ہو گا میڈم!

اُنہوں نے مزید لکھا کہ میں تو ویسے ہی صرف اپنے کپڑوں کی وجہ سے مقبول ہوں۔

یاد رہے کہ کنگنا رناوت نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر فلم’پٹھان‘ پر کیے گئے ایک مثبت تجزیے پر اپنا ردِ عمل دیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ بہت اچھا تجزیہ ہے، اس ملک نے صرف اور صرف تمام ’خانز‘ سے محبت کی ہے اور کبھی کبھی تو صرف اور صرف شاہ رخ خان سے محبت کی ہے۔

اُنہوں نے مزید لکھا تھا کہ’خانز‘کے علاوہ بھارت مسلمان اداکاراؤں کا دیوانہ ہے، اس لیے بھارت پر نفرت اور فاشسٹ ہونے کا الزام لگانا انتہائی ناانصافی ہے، دنیا بھر میں بھارت جیسا کوئی ملک نہیں ہے۔