بحران خان!

February 01, 2023

پی ٹی آئی مخالفین کی جانب سے عمران خان پر لگائے جانے والے اس الزام میں کافی وزن ہے کہ تحریک انصاف کےچیئرمین کی سیاست خود سے شروع ہوکر خود تک ہی رہتی ہے کیونکہ وہ نرگسیت کے مارے انسان ہیں جنہیں اپنے سوا کچھ نظر نہیں آتا ۔کرکٹ کے جس عالمی کپ کی جیت پر انہیں قومی ہیرو کے طور پر اتنی پذیرائی ملی کہ انہیں ملک کی ’’وزارت عظمیٰ ‘‘تک رسائی دی گئی،اس کپ کی جیت کو انہوں نے ذاتی شہرت اور ناموری کیلئے ہتھیار بناکر اسے اپنی والدہ کے نام پر کینسر اسپتال بنا نے کیلئے استعمال کیا،جس کے سارے معاملات کا ارتکاز اپنی ذات میں کرکے اسے چلانےکیلئے اپنے گھرانے کے افراد کے ہی سپرد کئے رکھا اور کسی کو بھنک تک نہیں پڑنے دی کہ اس کی آمدنی کا حساب کتاب کیا اور کس کے پاس ہے۔ دروغ برگردنِ راوی شوکت خانم کینسر اسپتال دراصل عمران خان کا منافع بخش کاروبار ہے جس کی تمام شاخوں سے ہونے والی آمدنی ان کے ذاتی تصرف میں رہتی ہے جس کی حقیقت مسلم لیگی ممبر قومی اسمبلی خواجہ آصف کے انکشاف کے بعد کھلی کہ اسپتال کے کروڑوں روپے سے عمران خان نے سٹہ کھیلا اور عوام کی امانت میں خیانت کا ارتکاب کیا ،جس پر عمران خان نے خواجہ آصف کے خلاف بھاری ہرجانے کا دعویٰ کیا ،جواب دعویٰ میں حال ہی میں تسلیم کیا کہ انہوں نے اسپتال کی رقم ایک تعمیراتی فرم کے ساتھ سرمایہ کاری میں استعمال کی تھی۔اس اعتراف پر ان کے اسپتال کیلئے فنڈ ریزنگ کیلئے رضاکارانہ خدمات دینے والے ملک کے نامور صحافی حامد میر نے باقاعدہ کالم لکھ کر عمران خان کی اس حرکت پر اظہار افسوس کیا جبکہ خان موصوف کی طرف سے کسی قسم کا اظہار ندامت ہنوز سامنے نہیں آیا اور نہ ہی آئے گا کیونکہ انہوں نے غلطی تسلیم کرنا سیکھا ہی نہیں ،غلط کام کرکے اس سے پھر جانے کو انہوں نے یوٹرن کا نام دے کر اپنے ہر گناہ کی تاویل اور جواز ڈھونڈ رکھا ہے جس پر بڑے گھمنڈ سے کہتے ہیں کہ اصل لیڈر ہوتا ہی وہ ہےجو یو ٹرن لیتا رہے۔وہ دنیا کے واحد سیاست دان ہیں جنہیں اپنے حریفوں کی کردار کشی کے علاوہ کچھ نہیں آتا۔ اقتدار ملنے سے پہلے اور بعد میں ،پھر اقتدار چھن جانے کے بعد ان کا سارا وقت مخالف سیاست دانوں پر دشنام کرنے،انہیں برابھلا کہنے اور اپنے ساتھیوں کو ان پر گند اچھالنے پر اکسانے میں گزرتا ہے،ان کے اعلیٰ ڈگریوں کے حامل کارکن اور پارٹی عہدیدار بھی اخلاق باختہ گفتگو کے اس قدر عادی ہوچکے ہیں کہ انہیں کسی مخالف کی پگڑی اچھالنے میں کبھی عار محسوس نہیں ہوتی ۔سب کے سب’’زباں بگڑی سو بگڑی تھی خبر لیجئے دہن بگڑا‘‘ کی عملی تصویر بنے دیوانہ وار گھومتے ہیں اور اسی کا شکار ہوئے ہیں فواد چوہدری جنہوں نے گھاٹ گھاٹ کا پانی پی رکھا ہے۔

وہ ساری سیاسی جماعتیں ماضی میں جن کا وہ حصہ رہے ہیں ان پر برس رہے ہیں ۔ان کے غصے کی وجہ بیان کرنے والوں کا خیال ہے کہ موصوف نے جن پارٹیوں میں پناہ لینے کی کوشش کی تھی ان سب نے لینے سے صاف انکار کردیا تھا جس کے بعد انہیں احساس ہوگیا کہ اب تو سیاسی حوالے سے ان کی آخری سہارا تحریک انصاف ہی ہے اس لئے وہ اس کے لیڈر کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے ہر حد پھلانگنے کو تیار ہوگئے، اسی رو میں وہ ہرعمران مخالف ادارے،جماعت اورا فراد پر لپکے پڑتے ہیں جس کا خمیازہ وقتی طور پر حالیہ گرفتاری کی صورت میں بھگتنا ان کا نصیب ہوا ہے مگر قیاس کیا جاتا ہے کہ ان کی گرفتاری کیلئے اپنایا جانے والا انداز اور اندراج مقدمہ ان کے سسٹم میں موجود مہربانوں کی محبت کا مرہون منت ہے، تبھی تو میڈیا میں انہیں ہیرو بناکرپیش کیا جارہا ہے جبکہ دو چار دن کی اسیری کے بعد ان کی ممکنہ رہائی بھی عمل میں آسکتی ہے۔ایسا ہوا تو پھر حکومت میں بیٹھے لوگوں کی بے بسی جو ابھی تک ان کے گلے شکووں کی صورت میں ہی سامنے آرہی ہے، زبان حال سے عیاں ہوکر دنیا کو چیخ چیخ کر بتائے گی کہ’’نے ہاتھ باگ پر ہے نہ پا ہے رکاب میں‘‘ اور وہ مقتدرہ کے بچھائے جال میں بری طرح پھنس کر اپنا سارا سیاسی سرمایہ تباہ کربیٹھے ہیں۔

ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچاتے بچاتے مسلم لیگ ن والے خود ہی سیاسی طور پر دیوالیہ ہوچکے ہیں اور وہ ایسے کہ اب مریم نواز شریف اس نقصان کو پورا کرنے کیلئےجتنا مرضی زور لگائیں ،خسارا پورا نہیں ہوسکے گا اسی لئے دانشمند بہی خواہوں کی طرف سے اشارا دیا جارہا ہے کہ نواز شریف وطن واپسی کاخیال دل سے نکال کرآصف علی زرداری کے ساتھ محبت کی لاج رکھیں اور پنجاب میں ان کے ساتھ مل کر اگلے انتخابات کی حکمت عملی وضع کریں تا کہ سندھ، بلوچستان کے ساتھ پنجاب کے انتخابات میں بھی معقول نشستیں حاصل کرکے مرکز میں حکومت بنا سکیں۔اقتدار ملے نہ ملے حکومت بنا کر عمران خان کا راستہ روکنا ان کا مشن ہونا چاہئے جو حکومت سے نکلنے کے بعد اپنی انتقامی سوچ کے سبب بحران خان بن چکے ہیں۔ان کو قابو کرنےکیلئے آصف علی زرداری سے بہتر کوئی شہسوار نہیں ہوسکتا!