مسابا سے شادی خفیہ نہیں، ستیادیپ مشرا

February 02, 2023

عالمی شہرت یافتہ ویسٹ انڈین کرکٹر سر ویوین رچرڈز اور بالی ووڈ کی سینئر اداکارہ نینا گپتا کی بیٹی مسابا گپتا حال ہی میں اداکار ستیادیپ مشرا کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوگئیں۔

ستیادیپ مشرا کا کہنا ہے کہ ان کی مسابا سے شادی کوئی خفیہ معاملہ نہیں بلکہ ہم ہمیشہ یہ چاہتے تھے کہ شادی قریبی لوگوں کے درمیان ہو۔

واضح رہے کہ 27 جنوری کو شادی کے بعد دونوں نے موقع کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں جبکہ شادی میں مسابا کے والدین کے علاوہ اداکارہ سونم کپور، دیا مرزا، سونی رازدان سمیت کئی بالی ووڈ اور دیگر شخصیات نے شرکت کی۔

50 سالہ ستیا دیپ مشرا کی 33 سالہ مسابا گپتا سے یہ دوسری شادی ہے۔

اس سے قبل سیتادیپ کی معروف بالی ووڈ اداکارہ 36 سالہ ادیتی راؤ حیدری کے ساتھ 2009 میں شادی ہوئی تھی اور دونوں میں 2013 میں علحیدگی ہوگئی تھی۔

اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں ستیادیپ مشرا نے مسابا سے اپنی شادی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بار پھر محبت میں مبتلا ہوئے اور اس طرح ان کی مسابا سے شادی ہوئی۔

یاد رہے کہ فیشن ڈیزائنر مسابا گپتا کی بھی یہ دوسری شادی ہے، اس سے قبل ان کی فلم پروڈیوسر مدھو منتینا سے شادی ہوئی جو 3 برس قبل ختم ہوگئی تھی۔

ستیادیپ مشرا نے انٹرویو کے دوران کہا کہ محبت آپ کو بہادر بنا دیتی ہے، ہم دونوں اپنے ماضی کے تجربے سے بہت کچھ سیکھ کر آئے ہیں، گو کہ شادی ٹوٹنے کے بعد انسان محبت کرنے کے معاملے میں کافی محتاط ہوجاتا ہے۔