سوشل میڈیا پر بلاک بسٹر فلم ’پیڈی‘ کو لے کر جاری شدید بحث اور تنازع کے درمیان فلم کے سینئر اداکار جگاپتی بابو کھل کر اپنی ساتھی اداکارہ جھانوی کپور کی حمایت میں سامنے آ گئے۔
انہوں نے عوام اور ٹرولرز سے اپیل کی کہ وہ فلم پر تنقید ضرور کریں لیکن کسی اداکار پر ذاتی حملے نہ کریں۔
فلم ’پیڈی‘ میں جھانوی کپور کے کردار ’اچی اما‘ کے کچھ مناظر پر سوشل میڈیا پر شدید احتجاج کیا جا رہا تھا۔ کچھ مناظر میں ناظرین نے سخت اعتراضات اٹھائے، جس کے بعد فلم کے ڈائریکٹر بوچی بابو کو عوامی طور پر معافی مانگنی پڑی اور انہوں نے فلم سے وہ قابلِ اعتراض مناظر بھی حذف کروا دیے۔
اس پورے تنازع پر بات کرتے ہوئے 64 سالہ سینیئر اداکار جگاپتی بابو نے کہا، ’ایک آرٹسٹ کے طور پر میں صرف یہ کہوں گا کہ براہِ کرم اس لڑکی کو نشانہ نہ بنائیں۔ یہ سراسر ناانصافی ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’اداکار صرف ڈائریکٹر کے وژن پر بھروسہ کر کے وہ کام کرتا ہے جو اسے کہا جاتا ہے۔ یہ جھانوی کا اپنا فیصلہ نہیں تھا، اس لیے تخلیقی فیصلوں کے لیے کسی اداکار کو ذہنی اذیت دینا اور ٹرول کرنا بالکل غلط ہے۔‘
حیدرآباد میں فلم کی ’تھینک یو میٹ‘ کے دوران جگاپتی بابو نے فلم کے ہیرو رام چرن کی جم کر تعریف کی اور کہا کہ ایسے مشکل اور رسکی موضوع پر فلم بنانا اور رام چرن کا اسے اپنے کندھوں پر اٹھانا کمال ہے۔
انہوں نے طنزاً کہا، ’میں برے ریویوز لکھنے والوں کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، کیونکہ انہوں نے انجانے میں ہماری فلم کی پبلسٹی کر کے بہت مدد کی ہے۔‘