• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائرہ پیٹر کی لندن کے رائل البرٹ ہال میں شاندار پرفارمنس

فوٹو بشکریہ انسٹاگرام
فوٹو بشکریہ انسٹاگرام

کراچی سے تعلق رکھنے والی عالمی شہرت یافتہ صُوفی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر نے لندن کے رائل البرٹ ہال میں شاندار پرفارمنس دے کر نئی تاریخ رقم کر دی۔

سائرہ پیٹر نے رائل البرٹ ہال میں 5 ہزار سامعین کے سامنے شاندار پرفارمنس دی جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہو رہی ہیں۔

وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے بھی سائرہ پیٹر کی تعریف کی ہے۔

اس حوالے سے جاری کردہ بیان میں اُنہوں نے کہا کہ سائرہ پیٹر کی یہ کامیابی پوری قوم کے لیے فخر کا لمحہ ہے، جو عالمی ثقافتی اور کلاسیکی موسیقی کے میدانوں میں پاکستان کی بڑھتی ہوئی موجودگی کو اجاگر کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سائرہ پیٹر کی رائل البرٹ ہال میں 5 ہزار سامعین کے سامنے شاندار پرفارمنس نے نا صرف پاکستان کی ثقافتی ساکھ کو بلند کیا ہے بلکہ مشرقی اور مغربی روایات کو ملانے میں موسیقی کی طاقت کا بھی مظاہرہ کیا ہے۔

اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ مغربی اوپیرا کے ساتھ سائرہ پیٹر کی صوفی موسیقی کا امتزاج ایک منفرد فنکارانہ شناخت کی نمائندگی کرتا ہے جو پاکستان کے تنوع اور تخلیقی طاقت کی عکاسی ہے۔

اورنگزیب خان کھچی نے مزید کہا کہ اس طرح کی پرفارمنس سے عالمی سطح پر پاکستان کا ایک مثبت چہرہ پیش کرنے میں مدد ملتی ہے اور موسیقی، فنون اور ثقافتی تبادلے کے شعبوں میں نوجوان فنکاروں کے لیے نئی راہیں بھی کھلتی ہیں۔

آخر میں اُنہوں نے سائرہ پیٹر اور ان کی ٹیم کو رائل البرٹ ہال میں پرفارم کرنے کا اعزاز ملنے پر مبارکباد بھی دی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید