’پٹھان‘ کی شاندار کامیابی کے بعد ’شہزادہ‘ کی پروموشن کیلئے نئی حکمتِ عملی تیار

February 03, 2023

فائل فوٹو

بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی فلم ’پٹھان‘ کی باکس آفس پر شاندار کارکردگی کا سلسلہ ریلیز کے ایک ہفتے بعد بھی جاری ہے۔

بھارتی میڈیا پر 2 دن قبل یہ خبر سامنے آئی تھی کہ فلم کی باکس آفس پر اس شاندار کامیابی کو دیکھتے ہوئے کارتک آریان کی فلم ’شہزادہ‘ کو ایک ہفتے کی تاخیر سے ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

فلم’شہزادہ‘ کی ریلیز کے حوالے سے اب ایک اور خبر سامنے آئی کہ فلم کی ریلیز میں تاخیر کا فیصلہ صرف فلم ’پٹھان‘ کے احترام میں نہیں بلکہ کچھ اور دیگر وجوہات کی بنا پر بھی کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فلم ’شہزادہ‘ کی پروڈکشن ٹیم نے فلم کے مرکزی کرداروں کارتک آریان اور کریتی سینن کے ساتھ مل کر ایک نیا پروموشنل گانا تیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پروڈکشن ٹیم کی جانب سے یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ ابھی تک فلم ’پٹھان‘ کے گانوں ’بے شرم رنگ‘ اور ’جھومے جو پٹھان‘ کو بالی ووڈ کی کسی بھی فلم کا کوئی بھی گانا میوزِک چارٹس پر مات نہیں دے سکا۔

ابھی تک فلم ’پٹھان‘ کے یہ دونوں گانے سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہیں اور فلمی شائقین کی جانب سے بہت پسند کیے جارہے ہیں۔

اس لیے فلم ’شہزادہ‘ کی پروڈکشن ٹیم نے ایک نیا پروموشنل گانا شوٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جوکہ فلمی شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرواسکے اور اس گانے کی ویڈیو کے لیے ڈانس اسٹیپس کو ترتیب دینے کےلیے کوریوگرافر بوسکو مارٹیس سے رابطہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ فلم’پٹھان‘ کے گانے’جھومے جو پٹھان‘ کی کوریوگرافی بھی بوسکو مارٹیس نے کی ہے۔

ذرائع نے مزید انکشاف کیا کہ فلم ’شہزادہ‘ کی پروڈکشن ٹیم کو خدشہ تھا کہ اگر فلم 10 فروری کو ریلیز کی جائے گی تو اسے تھیٹرز میں بہت کم اسکرینز پر جگہ ملے گی کیونکہ زیادہ تر سینما گھروں کے مالکان فلم ’پٹھان‘ کی باکس آفس پر ہونے والی شاندار کامیابی سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اُٹھانا چاہتے ہیں۔

اب دیکھنا یہ ہے کہ فروری کے وسط میں ریلیز ہونے پر فلم’شہزادہ‘ کو ریلیز ہونے کے لیے کتنی اسکرینز ملتی ہیں۔