روس کی اولمپک گیمز میں شرکت سے 40 ممالک اس کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں، پولینڈ

February 03, 2023

پولینڈ کے وزیر کھیل وثقافت نے کہا ہے کہ روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کو اگلے اولمپک گیمز میں شرکت کی اجازت دینے سے 40 ممالک اولمپک گیمز کا بائیکاٹ کر سکتے ہیں، جس سے پورا ایونٹ ہی بے معنی ہو جائے گا۔

بین الاقوامی اولمپک کمیٹی نے روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کو اولمپکس 2024 میں شرکت کی اجازت دینے کا کہا ہے۔

پولینڈ، لتھونیا، ایسٹونیا اور لٹویا نے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے منصوبے کو مشترکا طور پر مسترد کر دیا ہے۔

پولینڈ کے وزیر کھیل و ثقافت نے کہا ہے کہ ان کا خیال ہے 10 فروری کو ہونے والی میٹنگ سے قبل بین الاقوامی اولمپک کمیٹی کے منصوبوں کو روکنے کیلئے برطانیہ، امریکا اور کینیڈا سمیت 40 ممالک کا اتحاد بنانا ممکن ہوگا۔

ان کے مطابق اگر ہم گیمز کا بائیکاٹ کرتے ہیں، تو ہم جس اتحاد کا حصہ ہوں گے وہ گیمز کے انعقاد کو بے معنی بنانے کےلیے کافی وسیع ہو جائے گا۔

یوکرین نے خبردار کیا ہے کہ اگر روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کو اولمپک مقابلوں میں شرکت کی اجازت دی تو وہ 2024 میں ہونے والے پیرس اولمپکس کا بائیکاٹ کر دے گا۔