مشکل معاشی حالات ،چیئرمین ایرا و 50 ملازمین کیلئے 69 لاکھ اعزازیہ منظور

February 06, 2023

اسلام آباد ( عاطف شیرازی) وزیراعظم کی کفایت شعاری پالیسی کےبرعکس اور مشکل معاشی حالات میں چئیرمین ایرا و دیگر پچاس ملازمین کو 69 لاکھ روپے اعزازیہ دے دیا گیا ہے۔ اعزازیہ کی منظوری ایرا کی بورڈ میٹنگ میں دی گئی تھی ، ممبرایرا بورڈ سردار رحیم اور زاہد امین نے مخالفت کی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اعزازیہ لینے والوں میں فنانس ڈویژن سے ڈیپیوٹیشن پر آئے افسر و ممبر بورڈ ایرا سمیت دیگر چار بااثر ملازمین بھی شامل ہیں’’جنگ‘‘ کو دستیاب اعزازیہ کی منظوری کے حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس کی جانب سے جاری مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ اعزازیہ کی منظوری بورڈ نے تفویض کردہ اختیارت کے ذریعے دی ہے ۔ذرائع نے بتایاکہ بورڈ میٹنگ میں ممبر ایرا بورڈ سردار رحیم نے اعزازیہ کی مخالفت کی ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت انتہائی مشکل سے دوچار اس لیے اس کی منظوری نہ دی جائے ملک کے جومعاشی حالات ہیں اعزازیہ کی منظوری زیادتی ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں ممبر بورڈ زاہدامین نے اپنا اختلافی نوٹ دیا جس میں انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں کوئی ڈویلپمنٹ کام ہی نہیں ہوا ہے تو اعزازیہ نہیں بنتا۔ ممبر بورڈ زاہد امین نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ انہوں نے لاکھوں روپے اعزازیہ کے حوالے سے میٹنگ میں اختلافی نوٹ دیا تھا جبکہ سردار رحیم نے بھی مخالفت کی تھی کہ مشکل حالات میں اعزازیہ کی منظوری نہیں ہونی چاہیے۔