بندر سے اپنے جسم پر ٹیٹو بنوانے پر فنکار کو تنقید کا سامنا

February 06, 2023

وینزویلا سے تعلق رکھنے والے ایک آرٹسٹ اور سوشل میڈیا انفلوئنسر نے اس وقت آن لائن تنازع کھڑا کردیا جب اس نے ایک چھوٹے سے بندر سے اپنے جسم پر مستقل نقش ونگار (ٹیٹوز) بنوائے۔

بتایا جاتا ہے کہ فنکی ماتاز ٹیٹوز بنوانے کے حوالے سے کوئی نوآموز یا اجنبی نہیں بلکہ وہ تو اپنے جسم کے پشت پر سب سے زیادہ دستخط والے ٹیٹوز بنوانے کا گنیز ریکارڈ بھی رکھتا ہے، جو کہ 220 سے زیادہ ہیں۔

لیکن اس مرتبہ اس نے بندر سے جو کام کروایا ہے اسے کافی غیر عمومی قرار دیا جارہا ہے بلکہ وہ خود بھی اسے غیر معمولی ہی سمجھتا ہے۔

اس کے اس اقدام کے حوالے سے پورے براعظم جنوبی امریکا میں جہاں وینزویلا واقع ہے وہاں یہ خبر پھیلی ہوئی ہے، جس میں یہ بتایا گیا ہے کہ اس نے پہلے تو ایک چھوٹے سے بندر کو ٹیٹوز بنانے والا گن چلانا سکھایا اور پھر بندر سے اپنے جسم پر یہ نقش و نگار بنوائے۔

واضح رہے کہ اس کے اس اقدام کو اپنی نوعیت کا پہلا تجربہ قرار دیا جارہا ہے۔