PP،PMLN،JUI پارٹی فنڈنگ، پیشرفت رپورٹ ہائیکورٹ میں جمع

February 08, 2023

اسلام آباد (خبر نگار) الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی ، جے یو آئی اور ن لیگ کیخلاف پارٹی فنڈنگ کیس میں پیشرفت رپورٹ اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرا دی ہے، گزشتہ روز چیف جسٹس عامر فاروق نے پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب کی جلد سماعت کی درخواست کی سماعت کی اس موقع پر الیکشن کمیشن کی جانب سے رپورٹ جمع کرائی گئی، چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سکروٹنی مکمل ہونے میں کتنا وقت لگے گا؟ اس پر الیکشن کمیشن کے ڈی جی لاء نے کہاکہ ہزاروں ٹرانزیکشنز کا معاملہ ہے ، ہم کام کررہے ہیں،پی ٹی آئی کے وکیل نے کہاکہ انکے کیسز بھی پی ٹی آئی کیساتھ شروع ہوئے تھے لیکن مکمل نہیں ہو سکے، الیکشن کمیشن کی رپورٹ کی کاپی ہمیں بھی فراہم کی جائے، چیف جسٹس نے کہاکہ آپ اس میں ڈائریکشن ہی چاہ رہے ہیں کہ جلد سکروٹنی مکمل کی جائے؟ پی ٹی آئی کے وکیل نے کہاکہ جی پہلے ہی اتنا وقت گزر چکا ہے ، پی ٹی آئی کیساتھ امتیازی سلوک کیا گیا، ڈی جی لا نے کہا کہ سکروٹنی کمیٹی کو میں ہی ہیڈ کر رہا ہوں ، اکاونٹنٹ بھی کمیٹی کا حصہ ہیں، چیف جسٹس نے کہاکہ الیکشن کمیشن کو چارٹرڈ اکاونٹنٹ اور فرانزک ایکسپرٹ کو بھی ہائر کرنا چاہئے آج بھی کروڑوں کی ٹرانزیکشنز بیگز میں ہوتی ہیں۔