کوشش ہے والد کا نام روشن کروں، عثمان قادر

February 08, 2023

پشاور زلمی کے لیگ اسپنر عثمان قادر نے کہا ہے کہاس بات کا پریشر ہوتا ہے کہ عبدالقادر کا بیٹا ہوں، مگر اب اس کا عادی ہوں۔ کوشش ہے کہ والد کا نام روشن کروں۔

جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عثمان قادر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کےلیے بہترین تیاریاں ہو رہی ہیں، دو ٹریننگ سیشنز بہت اچھے گزرے، پچھلے سال کی غلطیاں دور کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل ہر نوجوان کرکٹر کیلئے کافی اچھا موقع ہے، ٹاپ پلیئرز کے ساتھ ڈریسنگ روم شیئر کرکے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے۔

عثمان قادر نے کہا کہ پچھلے سال زلمی کی جانب چھ، سات میچز کھیلا تھا، اچھی پرفارمنس رہی تھی۔ اس بار بھی جو میچ کھیلوں گا اس میں اچھے سے اچھا کھیلنے کی کوشش کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کیلئے یہ سال کافی اچھا رہے گا۔

اپنی انفرادی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے عثمان قادر نے کہا کہ ہر میچ میں ذاتی ہدف یہی ہوتا ہے کہ ٹیم کی جیت میں کردار ادا کروں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا پریشر ہوتا ہے کہ عبدالقادر کا بیٹا ہوں، مگر اب اس کا عادی ہوں۔ میری فیلڈ میں یہی کوشش ہوتی ہے کہ والد کا نام خراب نہ ہونے دوں۔

عثمان قادر نے کہا کہ آسان کام نہیں کہ عبدالقادر کی طرح ہی بولنگ کرواؤں مگر کوشش ہے کہ ان کا نام روشن کروں۔

لیگ اسپنر کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل نے ہمیشہ سے ہی پاکستان کو اچھے پلیئرز دیے ہیں۔ زلمی میں بھی اچھے پلیئرز ہیں، دیگر ٹیموں کے بھی نوجوان پلیئرز اچھے ہیں۔

عثمان قادر نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ میں ہمیشہ مقامی پلیئرز کا کردار کافی اہم ہوتا ہے۔ پشاور زلمی میں صائم ایوب اور حسیب اللّٰہ ایسے پلیئرز ہیں جو اس بار کافی اچھا کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ صائم ایوب بہت اچھی فارم میں ہے، وہ زلمی کےلیے اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

انہوں نے چیمپئنز لیگ کروانے کا تصور پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہر لیگ کے فاتح کے درمیان چیمپئنز لیگ ضرور ہونی چاہیے۔ چیمئنز لیگ جیسا ٹورنامنٹ ہوگا تو اس سے اور اچھا مقابلہ ہوگا۔