بحری مشق کا مقصد اقوام عالم کو بتانا ہے امن کیلئے ہم متحد ہیں، وائس ایڈمرل اویس بلگرامی

February 08, 2023

پاک بحریہ کے کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے کہا ہے کہ بحری مشق"امن مشق 2023 " کا مقصد اقوام عالم کو بتانا ہے کہ امن کے لئے ہم متحد ہیں اور پاک بحریہ خطے میں بحری تحفظ کی ضامن ہے۔

کثیرالقومی آٹھویں بحری "امن مشق 2023 "میں 50 ممالک کی افواج، مبصرین برائے بحری اثاثے اور اسپشل فورسز کے ساتھ شریک ہوں گے۔

پاک بحریہ کے تحت آٹھویں کثیرالقومی امن مشق 2023 کے انعقاد کے موقع پر کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے بریفنگ دیتے ہوئے مزید کہا کہ اس میں تقریباً 50 ممالک کی بحری افواج شرکت کر رہی ہیں۔

امن مشق 10 سے 14 فروری تک کراچی ہاربر اور سی فیزز میں ہوگی۔ کمانڈر پاکستان فلیٹ نے بتایا کہ مشق میں کئی ممالک اپنے جدید بحری اثاثوں کے ساتھ شریک ہورہے ہیں۔

وائس ایڈمرل اویس احمد بلگرامی نے کہا کہ خطے میں امن و استحکام یقینی بنانے کے لئے مشترکہ میری ٹائم سیکیورٹی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان موثر اور متوازن بحری قوت ہے اور ٹیکنالوجی کے ساتھ دفاعی خود انحصاری پر گامزن ہیں۔

بحری قزاقی، دہشت گردی، ائیرڈیفنس اور ماحولیاتی تبدیلیوں اور بحری تجارتی راہداریوں کا تحفظ امن مشق 2023 کے اہم نکات ہیں۔ مشق کے ساتھ پہلی میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس میں ساحلی اقوام، سمندری وسائل، شپ بریکنگ اور دیگر صنعتی مواقعوں کا اجاگر کیا جائے گا۔