مری پولیس نے شیخ رشید کا راہداری ریمانڈ حاصل کرلیا

February 09, 2023

اسلام آباد ،مری (نمائندہ جنگ) ڈیوٹی مجسٹریٹ رفعت محمود خان نے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو راہداری ریمانڈ پر مری پولیس کے حوالے کر دیا، عدالت نے شیخ رشید کو آج جمعرات کو دو بجے متعلقہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔ ادھرشیخ رشید کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر دی گئی، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طاہر محمود نے شیخ رشید کی درخواست ضمانت ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا کو بھجوا دی، ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس سپرا شیخ رشید کی درخواست ضمانت پر آج جمعرات کو سماعت کریں گے۔بدھ کو وفاقی پولیس نے شیخ شید کو اسلام آباد کچہری میں ہتھکڑی لگا کر پیش کیا جہاں کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے پولیس سے استفسار کیا کہ کیا پہلے راہداری ریمانڈ کی استدعا کی؟ پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ پہلی بار کر رہے ہیں، اس سے پہلے نہیں کی، طریقہ کار نہ اپنانے کی وجہ سے درخواست مسترد ہو گئی تھی ، عدالت نے استفسار کیا کہ اس فیصلے کی کاپی ہے جس پر تفتیشی افسر تھانہ مری کی جانب سے بتایا گیا کہ زبانی کلامی بات ہوئی تھی کوئی فیصلہ نہیں آیا ،ادھرعدالت پیشی کے موقع پرشیخ رشیدنے میڈیاسے گفتگوکرتےہوئے کہا کہ میں نے فوج سے کبھی لڑائی نہیں لڑی، میں فوج کا ہوں، اس عمر میں ہمدردیاں نہیں بدلوں گا، رات مجھے ایک اہم شخصیت سے ملنے کا کہہ رہے تھے میں نے انکار کر دیا، یہ عمران خان کو نااہل کرانے کا فیصلہ کر چکے ہیں، یہ پی ٹی آئی کے اندر سے ایک اور پارٹی بنانا چاہتے ہیں، مجھے بھی وہ یہی کہہ رہے ہیں عمران کا ساتھ چھوڑو، یہ عمران خان کو کسی صورت نہیں آنے دیں گے۔باہر سے تین لوگ جیل میں مجھ ملنے آئے جب کوئی ملنے آتا ہے تو آنکھوں پر پٹی اور ہاتھ باندھ دئیے جاتے ہیں۔ جیل میں سی کلاس میں رکھا گیا۔