بھارت سے جرمن سفیر کی’ناٹو ناٹو‘ پر ڈانس کرتے ویڈیو وائرل

March 20, 2023

فوٹو، ٹوئٹر

ساؤتھ انڈین فلم ’RRR‘ کا مشہور گانا ’ناٹو ناٹو‘ کو آسکر ایوارڈ ملنے کے بعد دنیا بھر میں خصوصی پذیرائی مل رہی ہے۔

یہاں تک کہ ’ناٹو ناٹو‘ کے چرچے بھارت میں موجود جرمن سفارت خانے میں بھی ہو رہے ہیں۔

بھارت میں جرمنی کےسفیر ڈاکٹر فلپ ایکرمین نے ’ناٹو ناٹو‘ کو آسکر ایوارڈ ملنے پر اپنے عملے کے ساتھ مل کر شاندار انداز سے جشن منایا۔

اُنہوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر پرانی دہلی میں بنائی گئی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔

اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں اور میری بھارتی اور جرمن ٹیم نے پرانی دہلی میں’ناٹو ناٹو‘ کو آسکر ایوارڈ ملنےپر جشن منایا اگرچہ ہم اچھا ڈانس تو نہیں کرسکے لیکن ہمیں بہت مزہ آیا!

اُنہوں نے لکھا کہ ہمیں متاثر کرنے کے لیےبھارت میں موجود کوریا کے سفارت خانے کا شکریہ۔

اُنہوں نے مزید لکھا کہ رام چرن اور فلم ’RRR‘ کی پوری ٹیم کو بھارت واپسی پر خوش آمدید!

اُنہوں نے بھارت میں موجود دیگر ممالک کے سفارت خانوں کو چیلنج دیتے ہوئے لکھا کہ ’اب اگلا نمبر کس کا ہے؟‘

اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ وہ رکشے کے ذریعے چاندنی چوک پر پہنچ کر ایک دکان سے جلیبی خریدتے ہوئے یہ سوال پوچھتے ہیں کہ’انڈیا کی یہ ڈش دنیا بھر میں مشہور ہے؟‘

دکاندار اُنہیں مزیدار جلیبی کے ساتھ ایک ڈنڈا بھی دیا جس پر ’ناٹو ناٹو‘ لکھا ہوا تھا۔

جس کے بعد جرمن سفارت خانے کے عملے کے تمام بھارتی اور جرمن افراد مل کر ایک ساتھ سڑک پر’ناٹو ناٹو‘ پر ڈانس کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایس ایس راجامولی کی ہدایتکاری بننے والی فلم’RRR‘ کا ریلیز ہونے کے بعد سے ہی بہت چرچا ہورہا ہے، اس فلم نے بین الاقوامی سطح پر بھارت کا سر فخر سے بلند کیا۔

اس فلم کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی اور متعدد بین الاقوامی اعزازات بھی حاصل ہوئے۔