کارتک آریان شادی کرنیوالے ہیں؟

March 20, 2023

کارتک آریان، فائل فوٹو

بالی ووڈ کے معروف اداکار کارتک آریان نے ایوارڈز کی ایک تقریب کے دوران شادی کے بارے میں اپنے ارادے بتا کر اپنے تمام ساتھی فنکاروں اور مداحوں کو حیران کردیا۔

کارتک آریان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر زی سنے ایوارڈز کی تقریب سے اپنا ایک ویڈیو کلپ شیئر کیا ہے۔

اس ویڈیو میں اُنہیں ڈھول بجانے والوں کے ایک بینڈ کے ساتھ اسٹیج پر شاندار انداز میں انٹری دیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

اداکار نے اسٹیج پر شاندار انٹری دیتے ہوئے یہ سوال کیا کہ ’آپ سب لوگ سوچ رہے ہوں گے کہ میں یہاں بینڈ باجا لے کر کیوں آیا ہوں؟‘


اُنہوں نے اپنے سوال کا خود ہی جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے یہاں بینڈ باجا لے کر آنے کی وجہ ’فومو‘ ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ’فومو‘ یعنی ’گم ہونے کا خوف‘ اب دیکھئے نہ بالی ووڈ میں ایک کے بعد ایک سب کے بینڈ بج رہے ہیں، سارے ہی گھوڑی چڑھ رہے ہیں، سب کی وکٹ گررہی ہیں لیکن ایک وکٹ اب تک نہیں گری ابھی تک کھڑی ہے اور ابھی تک’الیجیبل سنگلز کے کلب‘ میں آخر رہ کون گیا؟

اُنہوں نے مزید کہا کہ اس کلب میں بچ جانے والا میں خود ہوں لیکن اب موسم بدل رہا ہے اور یہ سخت لونڈا پگھل رہا ہے، میں نے سوچا ہے کہ شادی کا لڈو کھو کر دیکھ ہی لیتا ہوں جیسے میں نے پیار کا پنچنامہ کیا ہے ویسے ہی شادی کاپنچنامہ بھی کر ہی لیتا ہوں۔

کارتک آریان نے کہا کہ اس لیے آج زی سنے ایوارڈز کے منچ کو ساکشی مان کر آج میں اپنے سارے مداحوں اور پوری فلم انڈسٹری کو یہ تازہ ترین خبر دینا چاہتا ہوں کہ کارتک آریان شادی کررہا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے اداکار کی اس مزاحیہ ویڈیو بہت پسند کیا جارہا ہے اور دلچسپ تبصروں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔