روسی حکومت نے سرکاری افسران کو آئی فون استعمال کرنے سے روک دیا

March 20, 2023

روسی حکومت نے سرکاری افسران کو آئی فون استعمال نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔

روسی اخبار کومرسانٹ کی رپورٹ کے مطابق حکومت کا کہنا ہے کہ مغربی ممالک کی انٹیلیجنس ایجنسیاں آئی فون کنٹرول کرسکتی ہیں۔

کریملن کی طرف سے قومی سیاستدانوں کیلئے منعقدہ سیمینار میں صدارتی انتظامیہ کے فرسٹ ڈپٹی ہیڈ سرگئی کرینکو کا کہنا تھا کہ یکم اپریل سے سرکاری عہدیدارن اپنے فون تبدیل کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ حکم نامہ آئی فون استعمال کرنے والوں کیلئے ہے، یا تو پھینک دیں یا اپنے بچوں کو دے دیں۔

اخباری رپورٹ میں بتایا گیا کہ ممکن ہے کہ سرکاری افسران کو آئی فون کے متبادل فون کریملن ہی فراہم کرے، ان فونز میں مختلف آپریٹنگ سسٹم ڈالے جائیں گے۔

کریملن ترجمان دمیتری پیسکوف نے کہا کہ وہ اس رپورٹ کی تصدیق نہیں کرسکتے لیکن یہ بتا سکتے ہیں کہ سرکاری کام میں ویسے بھی اسمارٹ فونز استعمال نہیں ہوتے۔