ڈیفنس، بنگلے کے چوکیدار نے ساتھیوں کی مدد سے ڈرائیور کو قتل کردیا

March 22, 2023

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ڈ یفنس فیز 6 خیابان سحر کمرشل مارکیٹ کے قریب واقع بنگلے کے چوکیدار نے بھائی اور ساتھیوں سے مل کر ڈرائیور کو چھریوں کے وار کر کے قتل کرد یا ، پولیس نے چوکیدار سمیت 3افراد کو حراست میں لے لیا ہے ، مقتول کی لاش جنا ح اسپتال منتقل کی گئی ، پولیس کے مطابق ملزمان کا مقتول سے پیسوں کا لین دین تھا ، مقتول کوچو کیدار کے کمرے میں قتل کیا گیا ، پولیس کا کہنا ہے کہ بنگلے میں چائنیز باشندے بھی رہائش پذیر ہیں جن کے بارے میں پولیس کو اطلاع نہیں تھی چائنیز باشندے 28فروری سے اس بنگلے میں رہائش پذیر تھے ،ڈرائیور کو چوکیدار اور باورچی نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر قتل کیا،مقتول ڈرائیور گزشتہ3سال سے چائنیز کمپنی کے ساتھ کام کر رہا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتول ڈرائیور میرپور خاص کا رہائشی تھا ،چوکیدار اور اسکا بھائی بنگلے میں نشہ کرتے تھے ، مقتول ڈرائیور انہیں نشہ کرنے سے منع کرتا تھا، ایس ایس پی سائوتھ کے مطابق2چائنیز باشندے بنگلہ میں رہائش پذیر ہیں چائنیز باشندے ٹھٹھہ سے کراچی آئے تھے ۔