کراچی چڑیا گھر کے جانوروں کی خوراک کی قلت کا اندیشہ

March 22, 2023

کراچی چڑیا گھر کے جانوروں کی خوراک کی قلت کا اندیشہ ہے، ٹھیکیدار نے 4 کروڑ 86 لاکھ روپے کی ادائیگی کیلئے خطوط لکھ دیے، جس میں کہا گیا ہے کہ مارکیٹ والے ادھار میں خوراک نہیں دے رہے۔

ٹھیکیدار نے محکمہ بلدیات، سیکریٹری بلدیات، ایڈمنسٹریٹر کراچی کو خط لکھے، سابق ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب کے دور میں بھی خوراک کا بحران ہوا تھا، خوراک کے بحران کے باعث چڑیا گھر میں سفید شیر مر گیا تھا۔

مرتضیٰ وہاب نے سینئر ڈائریکٹر خالد ہاشمی کو عہدے سے ہٹا دیا تھا۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی سیف الرحمٰن نےخالد ہاشمی کو دوبارہ سینئر ڈائریکٹر چڑیا گھر تعینات کیا ہے۔

ٹھیکیدار کے چڑیا گھر انتظامیہ اور کے ایم سی کو لکھے خط کی کے ایم سی نے تصدیق کردی۔

ترجمان کے ایم سی علی حسن ساجد کا کہنا ہے کہ اس طرح کے خطوط ٹھیکیدار ہمیں لکھتے رہتے ہیں، ہمارے پاس جانوروں کی سات دن کی خوراک کا ذخیرہ ہے۔

علی حسن ساجد نے کہا کہ واجبات کی ادائیگی ہوجائے گی اور جانوروں کو کچھ نہیں ہوگا۔