نشتر، ینگ ڈاکٹرز نےہاسٹل میں سب میٹر لگانے کا نوٹیفکیشن مسترد کردیا، احتجاج کا اعلان

March 23, 2023

ملتان(سٹاف رپورٹر) ینگ ڈاکٹرز نے نشتر ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ڈاکٹروں کے رہائشی ہاسٹل میں سب میٹر لگانے کے نوٹیفکیشن کو مسترد کرتے ہوئے باقاعدہ احتجاج کا اعلان کر دیا ہے،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن نشتر ہسپتال کے صدر ڈاکٹر ندیم قیصرانی اور ترجمان وائی ڈے اے ڈاکٹر سلمان لاشاری کا کہنا ہے کہ نشتر یونیورسٹی انتظامیہ کا ینگ ڈاکٹرز سے لڑائی کا پلان ہے جس کیلئے ہم بھی تیار ہیں،انتظامی افسر ہاسٹل کے چکر لگائیں آپ کو ڈاکٹرز ہوسٹل میں میس تک بند ملے گا جبکہ رمضان شروع ہونے والا ہے ہاسٹل کے کمروں کی چھتوں سے پانی گرتا ہے وہ نظر نہیں آتا۔ واش رومز ایسے ہیں کہ کسی کی ٹوٹی کھلتی نہیں اور کسی کی اتنی کھلتی ہے کہ اس پہ اینٹ رکھ کے بند کرنی پڑتی ہے۔ اگر یہ نوٹیفکیشن 48 گھنٹے میں معطل نہ کیا گیا تو کابینہ اگلے لائحہ عمل کا اعلان کرے گی۔