ملتان(سٹاف رپورٹر)ملتان شہر کے علاقے بوسن روڈ، بہادر پور، سفاری ٹاؤن وغیرہ میں پی ٹی سی ایل کی فلیش فائبر انٹرنیٹ سروس شدید تعطل کا شکار ہونے سے سیکڑوں کنکشن متاثر ہوگئے جبکہ سرکاری و نجی دفاتر، کاروباری مراکز، آن لائن کام کرنے والے افراد اور گھریلو صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ صارفین کے مطابق گزشتہ روز سے فائبر سروس میں خرابی کے باعث مذکورہ علاقوں میں انٹرنیٹ سروس یا تو مکمل طور پر بند ہے یا انتہائی سست روی کا شکار ہے۔ متاثرہ صارفین نے پی ٹی سی ایل کی ناقص سروس اور خرابی دور کرنے میں مبینہ تاخیر پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں انٹرنیٹ سروس کے مسائل معمول بنتے جا رہے ہیں اور آئے روز کسی نہ کسی خرابی کے باعث صارفین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ شکایات درج کرانے کے باوجود سروس کی بحالی میں غیر معمولی تاخیر کی جا رہی ہے جس کے باعث صورتحال سنگین ہوتی جا رہی ہے اور صارفین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔