یوم پاکستان ملی جوش و جذبہ کیساتھ منایا گیا، گارڈز کی تبدیلی کی تقریب

March 24, 2023

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر) یوم پاکستان ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی ملی جوش وجذبہ کے ساتھ منایا گیا ، دن کا آغاز ملک کی سلامتی کیلئے دعائوں سے ہوا ، صوبائی دارالحکومت میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی اور گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی،گورنر ،وزیر اعلیٰ سندھ، تینوں مسلح افواج کے نمائندوں ،ایڈمنسٹریٹر کراچی ،سیاسی و سماجی تنظیموں کے نمائندوں اور اعلیٰ شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی اور بابائے قوم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے مزاد پر پھول چڑھائے علاوہ ازیں تعلیمی اداروں میں یوم پاکستان کے حوالے سے خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا ،پورٹ قاسم اٹھارٹی میں ادارے کے چئیر مین رئیر ایڈ مرؒل (ر) سید حسن ناصر شاہ دیگر افسران کے ہمراہ پرچم کشائی کی اور ملک کی ترقی و سلامتی کے لیے دعائیں کی گئیں، ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرز سندھ میجر جنرل اظہر وقاص نے قائد اعظم کے مزار پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان رینجرزسندھ اور دیگر رینجرز افسران نے قائد کی روح کے ایصال ثواب اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی،مزار قائد پر حاضری کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا اس ملک کی فوج اور اسٹیبلشمنٹ کو کمزور کرنا ہے، 75سال ہوگئے ہم عقیدت کے ساتھ اس دن کو مناتے ہیں، قائداعظم نے ہمیں سوچ دی کہ ہم پاکستان میں رہنے والوں کی خدمت کریں، قائد کے فرمان اور سوچ کو اپنالیں تو معیشت کو دوبارہ اوپر لے جاسکتے ہیں، ہم اس عزم کو لےکر نکلیں کہ ہمیں پاکستان کو مضبوط اور ملک کی چاروں اکائیوں کو مضبوط کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ لاہور میں ایک سیاسی جماعت تماشہ لگا کر بیٹھی ہوئی ہے وہ یہ چاہتے ہیں کہ دنیا میں پاکستان کی بدنامی کی جائے، ایسے اداروں کا بھی خیال نہیں رکھا جارہا جو اس ملک کی سالمیت دیکھ رہے ہیں،اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی میڈیا سے گفتگو کی،علاوہ ازیں ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمنن نےمیونسپل کمشنر سید شجاعت حسین اور کے ایم سی کے محکمہ جاتی سربراہان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری دی اور کراچی کے شہریوں کی جانب سے مزار اقائد پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی، مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کرتے ہوئے انہو ں نے قائداعظم کو مسلمانوں کا عظیم رہنما قرار دیا، میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان لازوال اور عظیم قربانیوں کا ثمر ہے،شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مر کزی سیکر ٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی نے کارکنوں کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ جس آزاد و خودمختار پاکستان کا تصور علامہ اقبال نے پیش کیا اور جس کے قیام کے لیے قائد اعظم محمد علی جناح نے انتھک جدوجہد کی اس ارض پاک کی تکمیل کے لیے پوری قوم کو اسی لگن دیانتداری اور جذبے کے ساتھ اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا۔