ڈکیت گروہ اور لیاری گینگ کے کارندوں سمیت 14ملزمان گرفتار

March 27, 2023

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) پولیس نے مختلف علاقوں سے اسٹریٹ کرائمز ، اسلحہ کی فراہمی، منشیات فروشی، موٹر سائیکل چوری اور دیگر جرئم میں ملوث ڈکیٹ گروہ اور لیاری گینگ کے کارندوں سمیت 14ملزمان کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق رینجرز اور پو لیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ایف سی ایریا لیاقت آباد سے چوری، ڈکیتی اور منشیات فروشی میں ملوث 2 ملزمان سرغنہ کاشان اور رشید عرف نوید بھنگی کو گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے،کلری پولیس نے لیاری گینگ وار کمانڈر سمیت دو سید عبداللہ اور ندیم کو گرفتار کر لیا،ملزمان سے ایک ہینڈ گرینیڈ اور ایک پستول برآمد کی گئی ہے، ٹیپو سلطان پولیس نے ڈاکٹر عبدالقدیر روڈ پر مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان شاہ رخ اور محمود کو گرفتار کرکے دو پستول ،موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کرلی ،سچل پولیس نے ہاشم چوک کے قریب مبینہ مقابلے میں دو ملزمان شانی احمد اور زوہیب کو زخمی حالت میں گرفتار کرکے دو نائن ایم ایم پستول،موبائل فون اور موٹر سائیکل برآمد کی ہے، پولیس نے احسن آباد میں مبینہ مقابلے میں ایک ملزم زوہیب کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اسکا ساتھی فرار ہو گیا،گرفتار ملزم کے قبضے سے پستول اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے،سٹی ڈسٹرکٹ پولیس نے کچی شراب کی سپلائی میں ملوث ملزم سمیت 3 ملزمان ضمیر، وسیم اور ارشدکو گرفتار کر کے 36 لیٹر کچی شراب ،17 کلو گرام گٹکا/ماوا برآمد کیا،دریں اثنا رینجرز اورپو لیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے اورنگی ٹاؤن سے ڈکیتی،چوری، اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی میں ملوث 3ملزمان حکمت اللہ عرف بادام،ظاہر شاہ اور عبدالرشیدعرف اکبر کو گرفتار کر لیا۔