اسرائیلی وزیر کا فلسطین مخالف بیان، خلیج تعاون کونسل کا امریکا کو خط

March 27, 2023

ریاض، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلینکن کے نام لکھے گئے خط لکھا میں اسرائیلی وزیرخزانہ کے متنازع بیان کی مذمت کی ہے، اسرائیلی وزیر نے فلسطینی عوام کے وجود سے ہی انکار کیا تھا۔ جی سی سی نے بلینکن کو لکھے گئے خط میں واشنگٹن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کو نشانہ بنانے والے تمام اقدامات اور بیانات کا جواب دینے میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرے۔ 6 رکن ممالک پرمشتمل جی سی سی کے وزرائے خارجہ کے خط میں امریکا پرزور دیا گیا ہے کہ وہ اسرائیل فلسطین تنازع کے منصفانہ، جامع اور دیرپا حل تک پہنچنے میں اپنا کردار ادا کرے۔ اسرائیل کے انتہائی دائیں بازو کے وزیر خزانہ بیزلیل سموٹریچ نے اس ماہ کے اوائل میں کہا تھا کہ فلسطینی ایک قوم کے طور پر موجود نہیں ہیں، جس پرعرب ممالک میں غم وغصے کی لہر دوڑ گئی تھی۔ امریکی محکمہ خارجہ نے سموٹریچ کے بیان کونہ صرف غلط بلکہ انتہائی تشویش ناک اور خطرناک قراردیاہے۔ سموٹریچ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی دائیں بازو کی انتہاپسند حکومت کا حصہ ہیں۔اس نے دسمبر میں اقتدار سنبھالا تھا۔ خلیج تعاون کونسل کے وزراء نے سموٹریچ کے اس بیان کی بھی مذمت کی جس میں انھوں نے مغربی کنارے میں واقع فلسطینی گاؤں حوارہ کو ʼختمʼ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔