جدید ٹیکنالوجی نےکس طرح مسافر کا سامان چوری ہونے سے بچایا

April 01, 2023

فائل فوٹو

جدید ٹیکنالوجی نے ایک مسافر کا سامان ایئرپورٹ پر لٹنے سے بچالیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمیل ریڈ نامی مسافر لاس اینجلس سے جارجیا جارہا تھا کہ ایئر پورٹ پر اس کا سامان چوری ہوگیا۔

جمیل ریڈ کے مطابق اس کے سامان میں تقریباً 3 ہزار ڈالرز کا سامان تھا، آدھے گھنٹے تک ایئرپورٹ پر سوٹ کیس کا انتظار کرنے کے بعد اسے یقین ہوگیا کہ اس کا سامان گم ہوگیا ہے۔

مسافر کا کہنا ہے کہ وہ سامان گم ہونے کی شکایت انتظامیہ سے کرنے ہی والا تھا کہ اس کو یاد آیا کہ اس کے سوٹ کیس میں ایئر ٹیگ (ٹریکنگ ڈیوائس) ہے، اس نے اپنا فون چیک کیا جس کے مطابق اس کا بیگ ایئرپورٹ پر ہے ہی نہیں تو اس نے فوراً پولیس کو خبر کی۔

جمیل ریڈ نے کچھ ہی دیر بعد فون پر دیکھا کہ اس کا سوٹ کیس چوری کرنے والا ایک بار پھر ایئرپورٹ کی طرف آ رہا ہے، اس نے ایئرپورٹ پر واپس پہنچنے تک اپنے سوٹ کیس کا پیچھا کیا۔

دریں اثنا مسافر نے سوٹ کیس چوری کرنے والے شخص کو پکڑ لیا، جس نے مبینہ طور پر جمیل ریڈ کے کپڑے زیب تن کئے ہوئے تھے جو اس سوٹ کیس میں تھے۔

مسافر نے نیلسن نامی شخص (چور) کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، پولیس کے مطابق نیلسن ایک بھکاری ہے۔