پاک جاپان بزنس کونسل اور بیت السلام کا اشتراک عمل، سستی روٹیوں کی تقسیم

April 02, 2023

پاک جاپان بزنس کونسل، پاکستان میں بیت السلام کے ساتھ مل کر غربت کی چکی میں پسے گھرانوں تک لاکھوں کی تعداد میں سستی روٹیوں کی تقسیم میں تعاون فراہم کرے گی۔

اس حوالے سے پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے کہا کہ بیت السلام کا ادارہ اپنی رفاہی اور تعلیمی خدمات کی بدولت ملک بھر میں بڑے عزت و احترام سے جانا جاتا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس ادارے نے مستحق افراد کے تعاون کے لیے مختلف پروجیکٹس کا سلسلہ جاری کیا ہوا ہے۔

اسی سلسلے میں "سستی روٹی پروجیکٹ" بھی شامل ہے جس کے تحت ملک بھر میں اُن سفید پوش افراد تک جو عزتِ نفس کی خاطر کسی طرح کی امداد لینے سے کتراتے ہیں، اُن کے لیے صرف پانچ روپے میں پکی پکائی روٹیاں تقسیم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

بیت السلام کے سستی روٹی پروجیکٹ کے ذریعے ایک بڑے پیمانے پر روٹیوں کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور اس کی ترتیب کچھ یوں ہوتی ہے کہ 50 کلو پر مشتمل آٹے کے تھیلوں کو مخلص احباب بیت السلام کے قائم کردہ تندوروں تک پہنچادیتے ہیں اور وہاں سے سیکڑوں پکی پکائی روٹیاں ایک وقت میں تقسیم کردی جاتی ہیں۔

ملک بھر میں اس طرح کے سو تندوروں کے ہدف کے ساتھ اِن شاءاللّٰہ بیت السلام اس سلسلے کو رمضان کے علاوہ پورے سال بھی جاری رکھنے کاعزمرکھتاہے۔