نیویارک میں چوہوں کو کنٹرول کرنے کیلئے کسے نوکری پر رکھا گیا؟

April 13, 2023

فوٹو بشکریہ امریکی میڈیا

امریکا کے شہر نیویارک میں چوہوں کی بڑھتی ہوئی آبادی کا مقابلہ کرنے کے لیے میئر ایرک ایڈمز کی کوششوں کا حصہ بننے کے لیے کیتھلین کوراڈی کو نوکری پر رکھ لیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق کیتھلین کوراڈی چوہوں کی آبادی کم کرنے سے متعلق امور کی پہلی ڈائریکٹر ہیںجو چوہوں کی آبادی کو کم کرنے کی کوششوں کے کاموں کی نگرانی کریں گی۔

رپورٹس کے مطابق ان کے کام میں نیویارک میں چوہوں کی آبادی کو کم کرنے اور معیار زندگی و صحت کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے شہر کی سرکاری ایجنسیوں، تنظیموں اور نجی شعبے کی حکمت عملی کے لیے منصوبہ بندی کرنا شامل ہے۔

رپورٹس کے مطابق نیویارک کے میئر ایرک ایڈمز کی انتظامیہ نے اس حوالے سے کافی تلاش کے بعد تجربے کی بنیاد پر کیتھلین کوراڈی کو یہ کام سونپا۔

میئر ایرک ایڈمز نے کہا ہے کہ یہ تقریباً ایک نوکری ہے جو ان کے لیے بنائی گئی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق اس نوکری کی ابتدائی تفصیل میں لکھا گیا ہے کہ آپ کے سامنے ایک مشکل کام ہے، نیو یارک سٹی میں چوہوں کی بے لگام آبادی اور حقیقی دشمن سے لڑنے کے لیے عزم کی ضرورت ہے۔

رپورٹس کے مطابق کیتھلین کوراڈی سابق اسکول ٹیچر ہیں جو اس حوالے سے تربیت یافتہ تو نہیں لیکن انہوں نے ماضی میں چوہوں کو کم کرنے کی کوششوں کے حوالے سے کام کی قیادت کی ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق کیتھلین کوراڈی کو سالانہ ایک لاکھ 55 ہزار ڈالر دیے جائیں گے۔