سدھو موسے والا کی پہلی برسی پر مداح غمگین

May 29, 2023

فائل فوٹو

بھارتی ریاست پنجاب سے تعلق رکھنے والے معروف گلوکار اور سیاست دان سدھو موسے والا کو مداحوں سے بچھڑے ایک سال بیت گیا ہے جبکہ تاحال اُن کے قاتلوں کو سزا نہیں مل سکی۔

گزشتہ سال آج کے روز سدھو موسے والا کو اُن کے آبائی گاؤں میں قتل کر دیا گیا تھا، سدھو موسے والا کو اپنے مداحوں سے بچھڑے ایک سال گزر گیا ہے۔

سدھو موسے والا کے مداح اُن کے گانوں کی ریلز بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر کے اُنہیں خراجِ عقیدت پیش اور افسوس کا اظہار کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ سدھو موسے والا کے قتل کے بعد اُنہیں نئی پہچان ملی ہے اور ان کے گانے شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچ گئے ہیں۔

سدھو موسے والا کے قتل کا پسِ منظر

واضح رہے کہ 29 مئی 2022 کو سدھو موسے والا کو بدنامِ زمانہ گینگسٹر لارینس بشنوئی کے کارندے نے قتل کر دیا تھا، اس واقعے کے چند روز بعد بعض گیگنسٹرز نے ان کے قتل کی ذمہ داری بھی قبول کر لی تھی۔

سدھو موسے والا ناصرف گلوکار بلکہ ایک سیاستدان بھی تھے، 2022ء کے الیکشن سے قبل سدھو موسے والا نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی اور مانسہ ضلع سے کانگریس کے ٹکٹ پر ریاستی اسمبلی کا انتخاب لڑا تھا۔

ان کو عام آدمی پارٹی کے ڈاکٹر وجے سنگلا نے شکست دی تھی اور سدھو موسے والا کے قتل سے ایک دن قبل ہی پنجاب حکومت نے اُن کی سیکیورٹی واپس لی تھی۔