پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ آمنہ شیخ کا کہنا ہے کہ لڑکیوں کو شادی کا فیصلہ اکیلے نہیں کرنا چاہیے، والدین زیادہ بہتر جانتے ہیں، شادی کے معاملے میں والدین کی رضامندی ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسری شادی والدین کی رضامندی سے ہوئی، اگر پہلی شادی کا فیصلہ والدین کرتے تو وہ موجودہ شوہر عمر فاروقی جیسے ہی کسی شخص کا انتخاب کرتے۔
حال ہی میں اداکارہ نے ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے نجی زندگی، شادی، کیریئر سمیت مختلف تجربات پر کھل کر بات چیت کی۔
انٹرویو کے دوران اداکارہ سے سوال پوچھا گیا کہ پہلی شادی کی ناکامی کے بعد کیا دوبارہ کسی پر اعتبار کرنا مشکل ہے؟
اداکارہ نے بتایا کہ اس بات کا انحصار اس شخص پر ہوتا ہے جس پر آپ اعتبار کر رہے ہیں، میرے لیے سب سے اہم میری بیٹی ہے، جب مجھے میسا کی جانب سے گرین سگنل ملے تو دوسری شادی کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پہلی شادی کے وقت ہر چیز کا فیصلہ مکمل طور پر خود لیا تھا، اس میں والدین کی رائے شامل نہیں تھی جبکہ دوسری شادی والدین کی رضامندی سے ہوئی۔
اداکارہ کا کہنا ہے کہ اگر میں والدین کو پہلے فیصلہ کرنے کا موقع دیتی تو شاید میرے والد اسی قسم کا شخص میرے لیے منتخب کرتے۔
انہوں نے کہا کہ والدین زیادہ بہتر جانتے ہیں، شادی کے معاملے میں والدین کی رضامندی ہونا ضروری ہے، لیکن یہ ضروری نہیں ہے کہ اگر والدین بچوں کی شادی کا فیصلہ لیں تو سب اچھا ہی ہوگا، بلکہ معاملات کب خراب ہو جائیں یہ کوئی نہیں جانتا لیکن شادی کے معاملے میں والدین کی رضامندی بہت اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے اپنے تجربے کی روشنی میں لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ جب لڑکیاں دل میں کسی کے لیے جذبات محسوس کریں تو تمام فیصلے اکیلے خود نہ کریں بلکہ والدین کے رشتے کو دیکھیں، ان سے رائے لیں۔
واضح رہے کہ 2005 میں اداکارہ آمنہ شیخ نے پہلی شادی اداکار محب مرزا سے کی تھی، جو 2019 میں طلاق پر ختم ہوئی۔ ان کی ایک بیٹی میسا ہے جو 2015 میں پیدا ہوئی۔
بعدازاں 2020 میں آمنہ شیخ نے عمر فاروقی سے دوسری شادی کی۔ ان کے یہاں 2021 میں بیٹے کی پیدائش ہوئی۔