پاکستان کپ ویمنز ون ڈے: سدرہ امین نے ڈائنامائٹس کو ایک اور فتح سے ہمکنار کردیا

May 29, 2023

سدرہ امین کی برق رفتار اننگز نے ڈائنامائٹس کو پاکستان کپ ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ میں ایک اور فتح سے ہمکنار کردیا۔

ڈائنامائٹس نے بلاسٹرز کو 78 رنز سے شکست دے کر فتوحات کی ہیٹ ٹرک کرلی۔ کپتان سدرہ امین کو 95 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اسٹیٹ بینک گراؤنڈ کراچی میں کھیلے گئے پاکستان کپ ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ کے چوتھے میچ میں بلاسٹرز نے ٹاس جیت کر ڈائنامائٹس کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

فاتح ٹیم نے مقررہ 45 اوورز میں 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے۔ سدرہ امین اور بسمہ معروف نے 130 رنز کی شراکت قائم کی۔

کپتان سدرہ امین نے 100 گیندوں کی مدد سے 95 رنز کی اننگز کھیلی۔ بسمہ معروف 65 رنز بنا کر نمایاں رہیں جبکہ صبا نذیر اور ڈیانا بیگ نے دو، دو وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں بلاسٹرز کی ٹیم 37.3 اوورز میں 136 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔ کپتان منیبہ علی 33، عائشہ ظفر 30 رنز بناسکیں جبکہ رامین شمیم، نشرہ سندھو اور غلام فاطمہ نے دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس سے قبل ڈائنامائٹس بلاسٹرز کیخلاف 9 اور چیلنجرز کیخلاف 8 وکٹوں سے فتوحات سمیٹ چکی ہے۔

ٹورنامنٹ کا پانچواں میچ بدھ کو چیلنجرز اور بلاسٹرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ 2 جون کو چیلنجرز اور ڈائنامائٹس کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ فائنل 4 جون کو کھیلا جائے گا۔