اسلام قبول کرنیوالی بھارتی اداکارہ دیپیکا ککڑ نے شوبز چھوڑنے کی خبروں کی تردید کردی

May 30, 2023

فائل فوٹو

اسلام قبول کرنے والی بھارتی اداکارہ دیپیکا ککڑ نے خود سے منسوب شوبز چھوڑنے کی خبروں کی تردید کردی ہے۔

پچھلے کچھ روز سے بھارتی میڈیا پر دیپیکا ککڑ کے بارے میں یہ خبریں گردش کررہی تھیں کہ اُنہوں نے شوبز کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

لیکن اداکارہ نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں مذکورہ تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں نے میرے گزشتہ بیان کو غلط انداز میں سمجھا، اس لیے میں صرف یہ واضح کرنا چاہوں گی کہ میں نے اداکاری نہیں چھوڑی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہہوسکتا ہے میں آئندہ 4 سے 5 سال کام نہ کروں اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ اس دوران مجھے کوئی بہت اچھا پراجیکٹ آفر ہو تو میں اس کے لیے انکار نہیں کروں گی۔

اُنہوں نے مزید کہا کہاہم بات صرف یہ ہے کہ میں جلد ماں بننے والی ہوں اور اسی لیے فی الحال میری ساری توجہ اپنی فیملی پر مرکوز ہے۔

واضح رہے کہ بھارتی رئیلٹی شو بگ باس کے سیزن 12 کی فاتح، مشہور بھارتی ڈرامہ سیریل’سسرال سِمرکا‘سے شہرت پانے والی خوبصورت اداکارہ دیپیکا ککڑ نے 2018ء میں اسلام قبول کرکے مسلمان ساتھی اداکار شعیب ابراہیم سے شادی کرلی تھی۔

اسلام قبول کرنے کے بعد اداکارہ نے اپنا نام بھی دیپیکا سے تبدیل کرکے فائزہ رکھا، حال ہی میں شعیب ابراہیم نے اپنی اہلیہ کے حاملہ ہونےکی خبر دی تھی۔