فنڈز کی عدم ادائیگی کے باعث صوبے کے واٹر فلٹریشن پلانٹس غیر فعال ہوگئے

June 02, 2023

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)آل بلوچستان واٹر فلٹریشن پلانٹ آپریٹرز کے ترجمان محمد ایوب لانگو نے کہا ہے کہ فنڈز کی عدم ادائیگی کے باعث صوبے کے واٹر فلٹریشن پلانٹس غیرفعال ہوگئے ہیں ، صوبائی حکومت فلٹریشن پلانٹ آپریٹرز کی 5 ماہ تنخواہوں کی ادائیگی کے لئے فنڈز جاری کرئے تاکہ ملازمین میں پائی جانے والی بے چینی دور ہو ،یہ بات انہوں نے احسان اللہ کے ہمراہ جمعرات کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔انہوں نے کہا کہ نومبر 2021 میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے محکمہ پی ایچ ای کے کنٹریکٹ ملازمین و پلانٹ آپریٹرز کی قلیل اجرت کے بقایا جات کی مد میں 120 ملین روپے کی منظوری اور 802 واٹر فلٹریشن پلانٹس کی فعالیت کے لئے محکمہ پی ایچ ای کو ہدایات جاری کی تھیں لیکن وزیراعلیٰ بلوچستان کی جانب سے منظور کردہ سمری پر تاحال عملدرآمد نہ ہوسکا ، وزیراعلیٰ بلوچستان کی منظوری کے بعد 5 نومبر 2021 سے یکم جون 2023 تک پلانٹ آپریٹرز کی قلیل اجرت کے بقایا جات ریلیز نہ ہونا باعث تشویش ہے 5 ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ملازمین میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے مہنگائی کے باعث ان کی زندگی اجیرن ہوچکی ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ محکمہ پی ایچ ای کے پلانٹ آپریٹرز کی اجرت کے بقایا جات ریلیز کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں اور فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی بھی یقینی بنائی جائے۔