• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک فوج نے دشمن کا جدید ٹیکنالوجی پر غرور خاک میں ملا دیا، جھالاوان عوامی پینل

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)جھالاوان عوامی پینل کے زیراہتمام ندیم الرحمٰن بلوچ کی قیادت میں اتوار کو کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار سے پاک فوج کے حق میں ریلی نکالی گئی ، اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ، ریلی سے ندیم الرحمٰن بلوچ ، صفی اللہ مینگل ، حافظ نصیر مینگل ، شاہجہان گرگناڑی ، میر شہباز خان ، ابراہیم اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم متحد ہوکر ہر دشمن کا مقابلہ کررہی ہے دشمن جان لے کہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کا انجام عبرتناک ہوگا ۔ پاکستان کی بہادر افواج نے ہندوستان کو ایسا دندان شکن جواب دیا کہ وہ سیز فائر پر مجبور ہوا اس شاندار کامیابی پر اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر بجا لاتے ہیں ۔پاکستان کی مسلح افواج اور قوم نے بھرپور اتحاد سے مکار دشمن کے ناپاک ارادوں کو خاک میں ملادیا ۔انہوں نے کہا کہ مودی سرکار کی مکاری صرف بھارت ہی نہیں بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے خطرہ بن چکی ہے اس کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے آ چکا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کرنے والے انڈیا کے ایجنٹوں کو بھی اب یہ سمجھ لینا چاہئے کہ وہ پاکستان کا کچھ بھی بگاڑ نہیں سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کے دانت کھٹے کردیئے ، پاکستان نے ہر محاذ پر بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر واضح کر دیا ہے کہ ہم اپنی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔