• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان صرافہ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پاک فوج کے حق میں ریلی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان صرافہ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پاک فوج کے حق اور بھارتی جارحیت کے خلاف اتوار کو آرچر روڈ سے چیئرمین سردار عبدالجبار خلجی کی قیادت میں ریلی نکالی گئی جو آرچر روڈ ، عبدالستار روڈ ، لیاقت بازار سے ہوتی واپس آرچر روڈ چوک پر پہنچ کر مظاہرے کی شکل اختیار کرگئی جہاں ریلی کے شرکاء سے بلوچستان صرافہ ایسوسی ایشن کے چیئرمین سردار جبار خان خلجی ، حا جی شاہ محمد ، حاجی علی احمد صراف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس ریلی کا مقصد دشمن کو یہ پیغام دینا ہے کہ پوری قوم متحد اور خون کے آخری قطرے تک ملک کا دفاع کرے گی، پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے ، پاکستان نے اپنی دفاعی برتری ثابت کر دی ہے اب بھارت کبھی جارحیت کی جرات نہیں کرے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا کو بتادیا کہ ہم ہرگز جنگ نہیں چاہتے لیکن اگر پاکستان پر کسی نے جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی تو اس کو ایسا جواب دیا جائے گا کہ دشمن ہمیشہ یاد رکھے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا نے دیکھ لیا کہ ہماری فوج نے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ۔ افواج پاکستان نے بے مثال دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ اور بھارت کو بھرپور جواب دیکر قوم کا سر فخر سے بلند کردیا دشمن کی ہر چال اور ملک کے خلاف سازش کو ناکام بنانے پر جنرل عاصم منیر اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔