• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ،مینا مجید

کوئٹہ (خ ن)صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان مینا مجید بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، اور حکومت بلوچستان اس ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر متعارف کرانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صوبے میں کھیلوں کے شعبے کو فعال، باقاعدہ اور جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا تاکہ نوجوان مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب ہوں اور بلوچستان کا نام عالمی سطح پر روشن کریں۔ انہوں نے عالمی باکسنگ ٹائٹل جیتنے پر باکسر محمد وسیم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی نہ صرف کوئٹہ بلکہ پورے پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔ محترمہ مینا مجید نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل باکسنگ چیمپئن شپ جیسے عالمی سطح کے ایونٹ کا کوئٹہ میں انعقاد ایک سنگِ میل ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ بلوچستان کے لوگ امن پسند اور کھیل سے محبت رکھنے والے ہیں۔ صوبائی مشیر محترمہ مینا مجید بلوچ نے اس موقع پر کہا کہ دشمن کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ بلوچستان میں مثبت سرگرمیوں کو پنپنے نہ دیا جائے، مگر آج کے ایونٹ نے ثابت کر دیا کہ بلوچستان کے نوجوان کسی سے کم نہیں اور ہر شعبے میں اپنا لوہا منوا سکتے ہیں۔ انہوں نے ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے اس عالمی ایونٹ کے لیے پاکستان، بالخصوص بلوچستان پر اعتماد کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں کھیلوں کی ترقی کے لیے انفراسٹرکچر، کوچنگ، سہولیات اور مالی امداد کے تمام پہلوؤں پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔