تعلیمی بورڈز کو آن لائن ڈگری ویریفیکیشن سسٹم شروع کرنے کا حکم

June 02, 2023

ملتان (سٹاف رپورٹر) سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب کا ملتان، بہاول پور اور ڈیرہ غازی خان تعلیمی بورڈز کو آن لائن ڈگری ویریفیکیشن سسٹم لانچ کرنے کا حکم، تعلیم اور امتحانات کے روایتی نظام میں جدت کے لیے طریقہ کار میں تبدیلی لانے پر غور، تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ہائر ایجوکیشن جنوبی پنجاب محمد الطاف بلوچ نے ملتان، بہاول پور اور ڈیرہ غازی تعلیمی بورڈز کے حکام کو کہا ہے کہ وہ جدید دور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے طلبہ میں تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے تعلیم اور امتحانات کے روایتی طریقہ کار میں تبدیلی لانے پر کام کریں، وہ گزشتہ روز ایجوکیشن سیکرٹریٹ کے کمیٹی روم میں ملتان، بہاول پور اور ڈیرہ غازی خان تعلیمی بورڈز کے حکام کے ساتھ ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کر رہے تھے، اس موقع پر سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے بورڈز حکام کو ہدایت کی کہ وہ امتحانی نظام کی شفافیت میں بہتری لانے کے لیے کالجز کے سربراہان کے ساتھ کوآرڈینیشن کر کے ٹھوس اقدامات یقینی بنائیں، انہوں نے کہا کہ طلبہ کی سہولت کے لیے آن لائن ڈگری ویری فکیشن کا نظام مرتب کیا جائے اور روایتی طریقۂ تعلیم اور امتحانی نظام میں جدت کے لیے طریقۂ کار میں تبدیلی لانے کے لیے ماہرین تعلیم کی مشاورت سے سفارشات تیار کی جائیں۔