وزیراعظم کا توانائی شعبے کی اصلاحات کو بجٹ کا حصہ بنانے کا فیصلہ

June 06, 2023

وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی شعبے کی اصلاحات کو بجٹ کا حصہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت توانائی سے متعلق بجٹ تجاویز پر اجلاس ہوا۔

انہوں نے کہا کہ مہنگے درآمدی ایندھن پر انحصار کم سے کم کیا جائے، مرحلہ وار متبادل ذرائع سے بجلی کے نئے منصوبے شروع کیے جائیں۔

وزیراعظم نے لائن لاسز اور بجلی چوری کے سدباب کے لیے اقدامات کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ آئندہ بجٹ میں ونڈ اور شمسی توانائی کے منصوبے شامل کیے جائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ لائف لائن اور کم کھپت والے صارفین پر بل کا کم سے کم بوجھ ڈالا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاور ٹرانسمیشن کے منصوبوں کی جلد تکمیل یقینی بنائی جائے جبکہ آئندہ بجٹ میں ٹرانسفارمر میٹرنگ منصوبے کو شامل کیا جائے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک بھر میں جاری سولرائزیشن کے منصوبوں کی رفتار تیز کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ برآمدی صنعتوں کی ترجیحی بنیادوں پر توانائی کی ضروریات پوری کی جائیں، بجٹ میں پن بجلی کے جاری منصوبوں کی جلد تکمیل کو ترجیح دی جائے۔