وسیم اکرم کا بھارتی فاسٹ بولرز کو اہم مشورہ

June 07, 2023

وسیم اکرم، فائل فوٹو

سابق پاکستانی کپتان، فاسٹ بولر وسیم اکرم نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل میں شرکت کے حوالے سے بھارتی فاسٹ بولرز کو ایک اہم مشورہ دیا ہے۔

آئی سی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق، وسیم اکرم نے بھارتی فاسٹ بولرز کو تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔

وسیم اکرم نے کہا ہے کہ’آسٹریلیا کے ٹاپ آرڈر کے خلاف تحمل سے کام لیں‘۔

انہوں نے کہا کہ’بھارتی بولرز کو نئی ​​گیند سے پریشان نہیں ہونا چاہیئے کیونکہ ہم سب جانتے ہیں کہ یہ 10 سے 15 اوورز تک سوئنگ کرتی ہے، اس لیے بطور فاسٹ بولر پہلے 10 سے 15 اوورز میں اضافی رنز نہ دیں‘۔

اُنہوں نے اوول گراؤنڈ کی پچ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ پچ عام طور پر برصغیر کی ٹیموں کے حق میں ہوتی ہے، لیکن ہم نے یہاں کا دورہ ہمیشہ اگست کے آخر یا ستمبر کے آغاز میں کیا ہے‘۔

لیکن اب بھارت اور آسٹریلیا کا میچ جون میں ہو رہا ہے تو وسیم اکرم کا خیال ہے کہ گراؤنڈ میں پچ اور بال دونوں ہی نئی اور مختلف ہوں گی۔

بھارت لندن کے اوول کرکٹ گراؤنڈ میں 7 جون سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (WTC) کےفائنل میں آسٹریلوی ٹیم کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے۔

جہاں بھارت کا فاسٹ بولنگ اٹیک محمد شامی اور محمد سراج کی تجربہ کار جوڑی پر مبنی ہوگا اور کھیل کا آغاز ممکنہ طور پر آل راؤنڈر شاردول ٹھاکر کریں گے۔

اس کے علاوہ، جے دیو انادکٹ اور امیش یادیو میں سے بھی شاید کوئی کھیلتا ہوا نظر آئے۔

واضح رہے کہ وسیم اکرم نے ریڈ بال کرکٹ میں اپنے 17 سالہ شاندار کیریئر میں پاکستان کے لیے کُل 414 ٹیسٹ وکٹیں حاصل کیں اور دنیا کے بہترین فاسٹ بولرز کی فہرست میں شامل ہیں۔