عدنان صدیقی کا نصیر الدین شاہ کی معافی پر ردعمل

June 09, 2023

فائل فوٹو

بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار نصیر الدین شاہ نے پاکستان میں سندھی زبان سے متعلق اپنے بیان پر غلطی کا اعتراف کیا تو پاکستانی سینئر اداکار عدنان صدیقی نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ غلطی کا اعتراف کرنا انسان کی دانستگی کو ظاہر کرتا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر نصیر الدین شاہ کاٹوئٹ ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اداکار عدنان صدیقی نے کہا کہ اپنی غلطی کا اعتراف کرنے کے لیے جرأت اور عاجزی کی ضرورت ہوتی ہے۔

اداکار نے مزید لکھا کہ ’اپنی غلطی پر معافی مانگنا درحقیقت انسان کی دانستگی کو ظاہر کرتا ہے، نصیر صاحب کے حالیہ بیان کی وجہ سے میرے دل میں ان کے لیے عزت مزید بڑھ گئی ہے، اپنی غلطیوں کو تسلیم کرنا اور ذمہ داری لینے کے لیے عاجزی اور جرأت کی ضرورت ہوتی ہے‘۔

یاد رہے کہ بالی ووڈ اداکار نصیر الدین شاہ نے 5 جون کو بھارتی یوٹیوبر کو دیے گئے انٹرویو میں برصغیر کی زبانوں پر بات کرتے ہوئے سندھی زبان سے متعلق بے بنیاد دعویٰ کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب سندھی زبان پاکستان میں نہیں بولی جاتی۔

ان کی جانب سے پاکستان میں سندھی زبان نہ بولے جانے کے دعوے کے بعد جہاں پاکستانی شوبز شخصیات نے بھی ان کے دعوے پر رد عمل دیا تھا۔

پاکستانی ہدایت کار اور ڈائریکٹر یاسر نواز، دانش نواز اور اداکارہ منشا پاشا نے ایک ساتھ سندھی زبان میں کہا کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ آج بھی سندھی زبان بولتے ہیں۔