بجٹ: شعبۂ آئی ٹی کی برآمدات 4 ارب 50 کروڑ ڈالرز بڑھانے کا ہدف

June 09, 2023

—فائل فوٹو

آئندہ مالی سال 24-2023ء کے وفاقی بجٹ میں آئی ٹی برآمدات بڑھانے کے لیے اقدامات شامل کیے گئے ہیں۔

بجٹ دستاویز کے مطابق آئی ٹی کے شعبے کی برآمدات کو 4 ارب 50 کروڑ ڈالرز تک بڑھانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں فکسڈ ٹیکس رجیم لانے کی تجویز ہے، بجٹ میں ایک لاکھ نوجوانوں کو میرٹ پر لیپ ٹاپس فراہم کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

آئی ٹی کے شعبے میں نیا کاروبار شروع کرنے والوں کے لیے خصوصی مراعات اور آئی ٹی کے ذریعے کاروبار اور تجارت کے فروغ پر خصوصی رعایت کی تجاویز دی گئی ہیں۔

ان تجاویز میں نوجوانوں کو اپنا کاروبار شروع کرنے کی حوصلہ افزائی کے لیے اقدامات شامل ہیں۔

دستاویز کے مطابق بجٹ تجاویز میں نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے پروگرام میں بڑی توسیع کے خصوصی پروگرام اور خصوصی آئی ٹی ٹریننگ زونز بنانے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔

بجٹ دستاویز کے مطابق نوجوانوں کی آئی ٹی شعبےکی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے فنڈز رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق ان تجاویز میں اسپیشل ٹیکنالوجی زونز کے تحت آئی ٹی کمپنیز کو ٹیکس مراعات دینے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔