حج کی تیاری کے سلسلے میں غلافِ کعبہ کو اونچا کردیا گیا

June 10, 2023

فوٹو بشکریہ عرب میڈیا

جمعے کی شام کو حج انتظامات کے سلسلے میں غلافِ کعبہ کے زیریں حصے کو تقریباً 3 میٹر اونچا کر دیا گیا اور بالائی حصے کو چار اطراف سے تقریباً 2 میٹر چوڑے سفید سوتی کپڑے سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔

غلافِ کعبہ کو اونچا کرنے کی روایت صدیوں پرانی ہے اور اس کے بالائی حصے پر سفید کپڑا چڑھانا حج اور مناسک حج کے ایام کی علامت ہے۔

غلافِ کعبہ کے حوالے سے یہ تبدیلی ہر سال حج سے قبل کی جاتی ہے اور یہ معمول کی بات ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق غلافِ کعبہ کو اوپر اٹھانے کا عمل شاہ عبدالعزیز کمپلیکس برائے کسوہ کعبہ کے ماہرین کے ایک گروپ کے ذریعے انجام دیا جاتا ہے۔

دوسری جانب عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اس سال حج سیزن میں مسجد نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کے امور کی ایجنسی نے مسجد نبویﷺ میں آنے والے زائرین کو بھرپور خدمات فراہم کرنے کی تیاری کی ہے۔

ایجنسی کے مطابق مسجد نبویﷺ کے زائرین کی بھرپور خدمت کے لیے تمام متعلقہ حکام کے درمیان رابطہ قائم ہے اور سب ادارے مربوط کوششوں سے آنے والے افراد کو سہولتیں فراہم کر رہے ہیں۔