تحریک انصاف کا بجٹ تجزیہ قوم کے سامنے رکھنے کا فیصلہ

June 10, 2023

فائل فوٹو

تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی زیرِ صدارت اجلاس میں بجٹ تجزیہ اور معیشت کی تفصیلات قوم کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

سابق وزیرِ خزانہ شوکت ترین اور پی ٹی آئی کی معاشی ٹیم کے اراکین اجلاس میں شریک ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ عبوری حکومت کو بجٹ پر نظرثانی کرنا ہوگی، بجٹ میں متوسط طبقے کو کوئی ریلیف نہیں ملا، اس بجٹ میں بار بار ترمیم ہوتی رہے گی، تنخواہوں میں اضافے کا اعلان کیا گیا لیکن پیسہ کہاں سے آئے گا؟

’تنخواہوں میں اضافے کیلئے پیسہ کہاں سے آئے گا؟‘

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس بجٹ سے حکومت نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے، عوام کو اس بجٹ میں کوئی ریلیف نہیں دیا گیا، تنخواہوں میں 30 سے 35 فیصد اضافہ ہوگا لیکن پیسا کہاں ہے آپ کے پاس؟ بجٹ میں ساڑھے 6 سو ارب کا سرپلس دکھایا گیا ہے وہ کہاں سے آئے گا۔

’اسحاق ڈار پاکستان کی معیشت کے ہٹ مین‘

انہوں نے کہا کہ وفاق نے 12 ماہ کا بجٹ دیا اور پنجاب نے 4 ماہ کے بجٹ کا فیصلہ کیا ہے، بجٹ کے نام پر قوم کے ساتھ مذاق کیا جا رہا ہے، اسحاق ڈار پاکستان کی معیشت کے ہٹ مین ہیں۔

’نیتوں کا حال اللّٰہ جانتا ہے‘

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ بجٹ میں الیکشن کے لیے پیسا رکھا ہے، نیتوں کا حال اللّٰہ جانتا ہے، الیکشن تو ہونے ہیں، اب اگر آئین سے ماورا کوئی کام ہو تو میں کیا کہہ سکتا ہوں۔

’نئی پارٹی ایسی جیسے ڈیڈ آن آرائیول‘

انہوں نے کہا کہ 12 اگست کو موجودہ پارلیمنٹ کی مدت پوری ہو رہی ہے، نئی پارٹی کی لانچنگ ایسی ہی ہے جیسے اسپتال کی ایمرجنسی میں حادثے کا زخمی لایا جائے اور ڈاکٹر لکھ دے ڈیڈ آن آرائیول۔