• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین میں ڈیجیٹل انقلاب آ گیا، 10 جی براڈ بینڈ سروس کا آغاز

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

چین میں ڈیجیٹل انقلاب آ گیا، 10 جی براڈ بینڈ سروس کا دھماکا خیز آغاز کر دیا گیا۔

چین نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کر لیا ہے، جہاں 10 جی براڈبینڈ انٹرنیٹ سروس باقاعدہ طور پر متعارف کرا دی گئی ہے، یہ جدید ترین سروس ڈیجیٹل رفتار کی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق اس سپر فاسٹ نیٹ ورک کی ڈاؤن لوڈ اسپیڈ حیران کن طور پر 9934 Mbps ہے، جبکہ اپ لوڈ اسپیڈ 1008 Mbps تک پہنچ چکی ہے، اس کا مطلب ہے کہ آپ صرف 20 سیکنڈ میں 20 جی بی کی فل ایچ ڈی یا 4K فلم ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ 10 جی انٹرنیٹ کی یہ پیش رفت نہ صرف ٹیلی کام سیکٹر میں انقلاب برپا کرے گی بلکہ صحت، تعلیم، زراعت اور صنعت جیسے اہم شعبے بھی اس برق رفتار نیٹ ورک سے بے پناہ فائدہ اٹھائیں گے۔

چینی حکام کے مطابق یہ قدم عالمی سطح پر چین کی سبقت کا واضح ثبوت ہے، کیونکہ ابھی تک دنیا کے بیشتر ممالک ایسے کمرشل نیٹ ورکس کے قیام میں پیچھے ہیں۔

یہ نئی سروس ٹیلی میڈیسن، ریموٹ لرننگ، اسمارٹ ایگری کلچر اور انڈسٹریل آٹومیشن جیسے شعبوں میں حقیقی تبدیلی لانے کی صلاحیت رکھتی ہے، وہ تمام شعبے جو تیز، مستحکم اور قابلِ بھروسہ انٹرنیٹ پر انحصار کرتے ہیں، اب نئی راہوں پر گامزن ہو سکیں گے۔

حکام کا کہنا ہے کہ 10 جی براڈ بینڈ سروس کا آغاز چین کے وسیع تر ڈیجیٹل وژن کا حصہ ہے، جس میں کلاؤڈ ٹیکنالوجی کی مضبوطی، براڈ بینڈ کی عام رسائی اور AI و اسمارٹ ڈیوائسز کے لیے موزوں انفرااسٹرکچر کی تیاری شامل ہے۔

فی الوقت سروس کے پیکجز یا قیمتوں سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے، تاہم ٹیکنالوجی کے شوقین صارفین اس انقلابی انٹرنیٹ کے منتظر ہیں۔

سائنس و ٹیکنالوجی سے مزید