لال حویلی آپریشن انتقامی کارروائی نہیں: ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ املاک

September 21, 2023

راولپنڈی میں واقع لال حویلی—فائل فوٹو

متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان کا کہنا ہے کہ لال حویلی کے خلاف آپریشن کسی قسم کی انتقامی کارروائی نہیں۔

راولپنڈی میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ، سابق وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید کی رہائش گاہ لال حویلی کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد متروکہ وقف املاک بورڈ کے ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر آصف خان نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کے دوران یہ بات کہی۔

ان کا کہنا ہے کہ لال حویلی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی گئی، شیخ رشید احمد ہمارے لیے قابلِ احترام ہیں، ان کے پاس اپیل کا حق ہے۔

ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈ نے کہا ہے کہ لال حویلی کے ساتھ ساتھ کالج روڈ پر بھی دکانیں سیل کیں۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ دمدمہ مندر سے محکمۂ اراضی پر قائم دکانوں کو بھی سیل کیا گیا ہے۔

آصف خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ لال حویلی کا معاملہ 1991ء سے متروکہ وقف املاک بورڈ کے ساتھ چل رہا ہے، شیخ رشید اور ان کے بھائی شیخ صدیق کو دستاویزات دینے کا پورا موقع دیا گیا۔