دیت میں سو اونٹ میں کمی زیادتی کا حکم

September 22, 2023

آپ کے مسائل اور اُن کا حل

سوال: شریعت میں ایک آدمی کی دیت سو(100) اونٹ ہے، اس میں کیا حکمت ہے، اس سے کم اور زیادہ کیوں نہیں ہے ؟

جواب: واضح رہے کہ دیت کی مقدار شریعت کی طرف سے مقرر کی گئی ہے اور یہ منصوصی ہے۔ لہٰذا اس میں کمی و زیادتی کر نا جائز نہیں۔

صورتِ مسئولہ میں دیت کی مقدار یہ ہے کہ دیت اگر سونے کی صورت میں ادا کی جائے تو اس کی مقدار ایک ہزار (1000) دینار یعنی 375 تولہ سونا، اور اگر چاندی کی صورت میں ادا کی جائے تو دس ہزار (10000) درہم یعنی 2625 تولہ چاندی، اور اگر جانور کی صورت میں ادا کی جائے تو سو اونٹ ، یا دو سو گائیں ، یا دو ہزار بکریاں، اور کپڑوں کی صورت میں کی جائے تو دوسو کپڑے دیے جائیں گے۔ نیز ان جانوروں کی عمروں کا بھی تعین ہے۔ (مصنف ابن ابی شیبہ، الدیۃکم تکون ،344/5،مکتبۃ الرشد)