• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اعتکاف: ماہِ صیام کی ایک باعثِ اجر و فضیلت عبادت

ڈاکٹر نعمان نعیم

الحمد للہ، اب ہم ماہ ِرمضان کے آخری عشرے میں داخل ہورہے ہیں ،یہ وہ عشرہ ہے جس کی طاق راتوں میں شب قدر کی تلاش کا حکم ہے۔ یوں تو پورا رمضان ہی عبادت، ذکرو اذکار، تلاوت قرآن، فرائض و نوافل کی پابندی، صدقہ و خیرات اور نیکی و احسان کا مہینہ ہے، مگر اس کے آخری عشرے کو خصوصی اہمیت حاصل ہے، کیوںکہ آپﷺ آخری عشرے میں باقی ایام کی نسبت عبادت کا زیادہ اہتمام فرماتے تھے۔

خود بھی جاگتے اور اپنے اہل وعیال کو بھی جگاتے، جس سال آپ ﷺ نے رحلت فرمائی، اس سال آپﷺ نے رمضان میں بیس دن کا اعتکاف فرمایا۔ ایک مرتبہ آپﷺ کسی وجہ سے اعتکاف نہ کرسکے تو آپﷺ نے اس کے عوض شوال کے مہینے میں اعتکاف فرمایا۔ اس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ یہ عمل آنحضرتﷺ کو کس قدر محبوب تھا۔

آپﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’جو شخص اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لیے ایک دن کا اعتکاف کرے گا، اللہ تعالیٰ اس کے اور جہنم کے درمیان تین خندقوں کوآڑ بنادے گا۔جن کی مسافت آسمان و زمین کی درمیانی مسافت سے بھی زیادہ چوڑی ہوگی۔‘‘ اسی طرح آپﷺ نے ارشاد فرمایا: ’’جو شخص رمضان میں دس روز کا اعتکاف کرے تو اس کا یہ عمل دو حج اور دو عمروں جیسا ہوگا۔ ‘‘

اعتکاف رمضان المبارک کی ایک اہم عبادت ہے۔ 2ہجری میں روزے کی فرضیت کے بعد سے وصال تک نبی اکرمﷺ نے ہمیشہ رمضان میں اعتکاف فرمایا۔ صحابہ کرامؓ، تابعینؒ اور تبع تابعینؒ بھی اس سنت پر اہتمام سے عمل فرمایا کرتے تھے۔ ثواب کی نیت سے مسجد میں ٹھہرنے کو اعتکاف کہا جاتا ہے۔ اعتکاف میں انسان دنیاوی مشاغل چھوڑکر اللہ تعالیٰ کے در یعنی مسجد کا رخ کرتا ہے۔ 

پوری توجہ کے ساتھ عبادت میں مشغول رہنے سے اللہ تعالیٰ کے ساتھ جو خاص تعلق اور قربت پیدا ہوتی ہے، وہ تمام عبادتوں میں ایک نرالی شان رکھتی ہے۔ نفلی اعتکاف تھوڑی دیر کے لئے بھی ہوسکتا ہے، لیکن مسنون اعتکاف رمضان کے آخری عشرہ کا اعتکاف ہے جو سنت علیٰ الکفایہ ہے، یعنی محلے میں اگر ایک شخص بھی اعتکاف کرلے تو سب کے ذمہ سے ساقط ہوجائے گا۔ رمضان المبارک کی بیس تاریخ کو سورج غروب ہونے سے کچھ پہلے اعتکاف شروع کیا جاتا ہے اور عید کا چاند نظر آنے تک جاری رہتا ہے۔

حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ حضور اکرم ﷺ نے رمضان کے پہلے عشرے میں اعتکاف فرمایا اور پھر دوسرے عشرہ میں بھی، پھر خیمے سے جس میں اعتکاف فرمارہے تھے، باہر سر نکال کر ارشاد فرمایا کہ میں نے پہلے عشرہ کا اعتکاف شب قدر کی تلاش اور اہتمام کی وجہ سے کیا تھا، پھر اسی کی وجہ سے دوسرے عشرہ میں کیا، پھر مجھے کسی (یعنی فرشتہ) نے بتایا کہ وہ رات آخری عشرہ میں ہے، لہٰذا جو لوگ میرے ساتھ اعتکاف کررہے ہیں ،وہ آخری عشرے کا بھی اعتکاف کریں۔ (بخاری ،مسلم)

حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف فرماتے تھے، وصال تک آپ کا یہ معمول رہا۔ (بخاری ومسلم)

حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ ہر رمضان کے آخری عشرے میں اعتکاف فرماتے تھے لیکن جس سال آپ ﷺ کا وصال ہوا، اس سال آپ ﷺ نے بیس دن کا اعتکاف فرمایا۔ (صحیح بخاری)

اعتکاف کا لغوی معنی ہے ٹھہرنا اور رکنا۔ اصطلاح شریعت میں کوئی شخص اللہ کا قرب حاصل کرنے، اس کی عبادت، ذکر و اذکار کرنے کی نیت سے مسجد میں ایک خاص مدت کے لیے قیام کرے تو اسے اعتکاف کہتے ہیں۔

اعتکاف کا مقصد اللہ تعالیٰ کا قرب حاصل کرنا ، ہر طرف سے یک سو ہو کر اس کی عبادت میں مشغول رہنا اور اس سے تعلق جوڑنا ہے، ایک متعین وقت کے لیے دنیا کی رنگارنگی سے کنارہ کش ہوکر صرف اللہ وحدہ لاشریک لہ سے خلوت اور تنہائی میں لو لگانا ہے، اعتکاف کے دوران دیگر دنیاوی سرگرمیوں سے اعتکاف کا مقصد متاثر ہوجاتا ہے، اس لیے معتکف کو چاہیے کہ وہ نماز، تلاوت، ذکر و اذکار، تعلیم و تعلم اور دیگر عبادات میں اپنا زیادہ وقت گزارے،اس کے علاوہ جو مصروفیات ہوں، انہیں ترک کردے، سب چیزوں سے کٹ کر اللہ تعالیٰ کی عبادت کی طرف یک سو ہوجائے۔

حضرت عبداللہ بن عباسؓ بیان کرتے ہیں کہ ’’رسولﷺ نے معتکف (اعتکاف کرنے والے) کے بارے میں فرمایا کہ اعتکاف کرنے والا چونکہ (اعتکاف کے زمانے میں) گناہوں سے رکا رہتا ہے، اس لیے اس کے حق میں تمام نیکیاں لکھی جاتی ہیں۔‘‘ یعنی اعتکاف کرنے والا اعتکاف کی وجہ سے رکا ہوا تو گناہوں سے ہے، لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل واحسان کا معاملہ اس کے ساتھ یہ ہے کہ اس کے حق میں وہ تمام نیکیاں بھی لکھ دی جاتی ہیں جو اس دوران وہ مسجد سے باہر ہونے کی صورت میں کرتا، یعنی یہ بات تو نہیں لکھی جاتی کہ وہ مسجد سے باہر ہوتا تو یہ بدی یا برائی کرتا، لیکن یہ لکھا جاتا ہے کہ وہ مسجد سے باہر ہوتا تو یہ نیکی کرتا۔

مثال کے طور پر نماز جنازہ کی ادائیگی، بیمار پرسی، اسلام کی تعلیم اور دین کی اشاعت وغیرہ۔ایک اور مقام پر اللہ کے رسولﷺ نے فرمایا: ’’جو شخص رمضان میں دس روز کا اعتکاف کرتا ہے تو اسے دو مقبول حج اور عمرے کا ثواب حاصل ہوتا ہے۔‘‘رمضان کے آخری عشرے میں جو اعتکاف کیا جاتا ہے، وہ سنتِ مؤکدہ کفایہ ہے، یعنی مسلمانوں کو بحیثیت اجتماعی اس سنت کا اہتمام کرنا چاہیے، کیوںکہ احادیث میں اس کی انتہائی تاکید کی گئی ہے۔ 

خود نبی اکرمﷺ کی وصال تک اس پر مداومت رہی، اس لیے اگر مسلمان اس سنت کو اجتماعی طور پر چھوڑ دیں گے تو سب گناہ گار ہوں گے اور اگر بستی کے کچھ افراد بھی اس سنت کا اہتمام کر لیں تو چوںکہ یہ سنت کفایہ ہے، اس لیے چند افراد کا اعتکاف سب کی طرف سے کافی ہے۔ یہ عمل انتہائی خرابی کا باعث ہو گا کہ مسلمان بحیثیت مجموعی اللہ کے رسولﷺ کے اس پسندیدہ عمل سے بے اعتنائی برتیں۔

رمضان المبارک کے آخری عشرہ کا یہ اعتکاف سنت مؤکدہ علیٰ الکفایہ ہے یعنی ایک بستی یا محلے میں کوئی ایک شخص بھی اعتکاف کرے تو تمام اہلِ محلہ کی طرف سے سنت ادا ہوجائے گی، لیکن اگر سارے محلے میں سے کسی ایک نے بھی اعتکاف نہ کیا تو سارے محلے والوں پر ترک سنت کا گناہ ہوگا۔

اعتکاف کی تین قسمیں ہیں۔1۔ اعتکاف واجب۔ 2۔ اعتکاف سنت۔3 ۔ اعتکاف مستحب۔

اعتکاف واجب:۔ اگر کسی شخص نے یہ منت مانی کہ میرا فلاں کام ہوجائے تو میں ایک دن یا دو دن کا اعتکاف کروں گا اور پھر وہ کام ہوگیا تو اس شخص پر واجب ہے کہ وہ اعتکاف کرے،یا د رہے کہ اعتکاف واجب کے لیے روزہ شرط ہے، بغیر روزہ کے اعتکاف واجب صحیح نہیں ہے۔ (درمختار)

اعتکاف سنت مؤکدہ:۔ یہ اعتکاف رمضان المبارک کے آخری دس دنوں میں کیا جاتا ہے یعنی بیسویں رمضان کو سورج ڈوبنے سے پہلے اعتکاف کی نیت سے مسجد میں داخل ہوجائے اور تیسویں رمضان کو سورج ڈوبنے کے بعد یا انتیسویں رمضان کو چاند ظاہر ہونے کے بعد مسجد سے نکلے، یاد رہے کہ اعتکاف کی یہ قسم سنت مؤکدہ کفایہ ہے، یعنی اگر تمام اہل محلہ اسے چھوڑدیں گے تو سب آخرت میں مؤاخذہ میں گرفتارہوں گے اور اگر ایک آدمی نے بھی اعتکاف کرلیا تو سب آخرت کے مؤاخذے سے بری ہوجائیں گے۔ اس اعتکاف میں بھی روزہ شرط ہے، مگر وہی رمضان کے روزے کافی ہیں۔ (درمختار)

اعتکاف مستحب:۔ اعتکاف مستحب یہ ہے کہ جب کبھی بھی دن یا رات میں مسجد کے اندر داخل ہو تو اعتکاف کی نیت کرے جتنی دیر مسجد میں رہے گا، اعتکاف کا ثواب پائے گا۔ نیت کے لیے صرف دل میں اتنا خیال کرلینا اور منہ سے کہہ لینا کافی ہے کہ میں نے اللہ کے لیے اعتکافِ مسجد کی نیت کی۔ (فتاویٰ عالمگیری)

٭اعتکاف کرنے والوں کے لیے بلاعذر مسجد سے نکلنا منع ہے، اگر نکلے تو اعتکاف ٹوٹ جائے گا، چاہے قصداً نکلے یا بھول کر۔ اس طرح عورت نے بھی جس گھر میں اعتکاف کیا ہے،اس کا بھی اس گھر سے نکلنا منع ہے۔ اگر عورت اس مکان سے باہر نکل گئی تو خواہ قصداً نکلی ہو یا بھول کر اس کا اعتکاف ٹوٹ جائے گا۔(درمختار)

٭ مرد کے لیے ضروری ہے کہ وہ مسجد میں اعتکاف کرے اور عورت اپنے گھر میں اس جگہ اعتکاف کرے جو جگہ اس نے نماز پڑھنے کے لیے مقرر کی ہو۔ (درمختار)٭ اعتکاف کرنے والا دن رات مسجد میں ہی رہے گا، وہیں کھائے، پیئے، سوئے مگر احتیاط رکھے کہ کھانے پینے سے مسجد کا تقدس پامال نہ ہو۔

وہاں گندگی نہ پھیلائے۔ معتکف کے علاوہ کسی اور کے لیے مسجد میں کھانے، پینے اور سونے کی اجازت نہیں ہے، اس لیے اگر کوئی شخص مسجد میں کھانا، پینا اور سونا چاہے تو اسے چاہیے کہ مستحب اعتکاف کی نیت کرکے مسجد میں داخل ہو، پھر اس کے لیے کھانے، پینے اور سونے کی اجازت ہے۔(درمختار)

اعتکاف کرنے والے کو چاہیے کہ اپنا زیادہ تروقت نفلی نمازوں، تلاوت قرآن مجید، علم دین کی تحصیل وغیرہ میں گزارے، دنیوی اور فضول باتوں سے احتراز کرے۔ باوضو ہونے کا اہتمام کرے اور بکثرت درود شریف کا ورد کرے۔

اقراء سے مزید