امید ہے بھارت کے خلاف تمام میچز میں شرکت کروں گا، پیٹ کمنز

September 21, 2023

فائل فوٹو

آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے کہا ہے کہ امید ہے بھارت کے خلاف تمام میچز میں شرکت کروں گا۔

موہالی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹ کمنز نے کہا کہ انجری کے بعد اب بہتر محسوس کر رہا ہوں، میری کلائی اب سو فیصد ٹھیک ہوگئی ہے۔

پیٹ کمنز نے کہا کہ فاسٹ بولر مچل اسٹارک اور گلین میکسویل ہمارے ساتھ ہیں مگر پہلا میچ نہیں کھیلیں گے، امید ہے کہ دونوں کھلاڑی سیریز کے باقی میچز کے لیے دستیاب ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے اور میچز جیتنے کی کوشش کریں گے، پہلے میچ میں نئے کھلاڑیوں کو موقع دے کر مختلف کمبی نیشن کے ساتھ جائیں گے۔

آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ اگر دوسرے اسپنر کی ضرورت پڑے گی تو اسٹیو اسمتھ سے بولنگ کرائیں گے۔

واضح رہے کہ بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 3 ون ڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ کل کھیلا جائے گا۔