ایلوش یادو کو بگ باس جیتنے کا انعام نہ مل سکا

September 23, 2023

فائل فوٹو

بھارتی ریئلٹی شو بگ باس او ٹی ٹی سیزن 2 کے فاتح اور یوٹیوبر ایلوش یادو نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے تقریبا ڈیڑھ ماہ قبل بگ باس او ٹی ٹی سیزن 2 اپنے نام کیا لیکن تاحال انہیں اس کی انعامی رقم ادا نہیں کی گئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلوش یادو نے حال ہی میں شہناز گل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں تاحال بگ باس او ٹی ٹی سیزن 2 کی 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم ادا نہیں کی گئی۔

دوران شو شہناز گل نے ان سے سوال کیا کہ وہ اپنا نیا فون کب خریدیں گے جس پر ایلوش یادو نے کہا کہ جب بگ باس کی منتظمین انہیں 25 لاکھ کی انعامی رقم ادا کرے گی۔

یوٹیوبر کی جانب سے حیران کن انکشاف کئے جانے پر اداکارہ شہناز گل نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ابھی تک رقم نہیں ملی، یہ تو بہت غلط بات ہے۔

واضح رہے کہ بگ باس کی تاریخ میں ایلوش یادو پہلی شخصیت ہیں جنہوں نے والڈ کارڈ انٹری دینے کے بعد پروگرام جیت کر تاریخ رقم کر دی۔