ٹی ٹی پی کے ’’را‘‘ سے رابطے

September 25, 2023

یہ پاکستان کی حرماں نصیبی ہی کہلائے گی کہ اسے بھارت ایسا کینہ پرور ہمسایہ ملاجو روز اول سے پاکستان کا وجود مٹانے کے درپے ہے،بھارت چار جنگوں کے بعد بھی اپنے ان ناپاک عزائم میںکامیاب نہ ہو پایا تو اس نے پاکستان میں دہشت گردی پھیلانا شروع کر دی،افسوس کہ ہمارے ہی کچھ راہ گم کردہ عناصر اس کے مہرے بن گئے اور اپنوں کا ہی خون بہا رہے ہیں۔اس سلسلے میںسیکورٹی اداروں نے ٹی ٹی پی کیخلاف بڑی کامیابی حاصل کی ہے اورکالعدم تنظیم کیلئے بھتہ لینے والے سرگرم گروہ کو گرفتار کرلیا ہے جنکا تعلق ’را‘ سے ہے، ملزموںنے دوران تفتیش بھتہ لینے کے طریقے کے حوالے سے یہ انکشاف کیا کہ ٹی ٹی پی کمانڈر عبدالرزاق جو اس وقت افغانستان میں ہے، ہمیں واٹس ایپ کے ذریعے ہدایات دیتا تھا،گرفتار ملزموں نے بتایا کہ عبدالرزاق لوگوں کے گھروں اور دکانوں کی ویڈیوز منگوا کر انہیں بھتے کیلئے افغانستان سے کالز کرتا تھا اور بھتہ نہ ملنے یا تاخیر کی صورت میں جان سے مارنے یا اغوا کی دھمکیاں دیتا تھا۔اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کی جری افواج نے مادر وطن کی حفاظت کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا،تاہم یہ ایک ایسی پیچیدہ جنگ ہے جس میں دشمن اپنے ہی گھر میں موجود ہے اور جب بھی موقع ملتا ہے وار کرنے سے نہیں چوکتا۔مذکورہ انکشافات واقعی ہوشربا ہیں،دراصل اب دہشت گرد نہ صرف یہ کہ حلیے بشرے سے تعلیم یافتہ اور عام شہری دکھائی دیتے ہیںبلکہ اپنے مذموم مقاصد کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی بھی استعمال کرتے ہیں۔اس سلسلے میں صرف سیکورٹی اداروں ہی کو نہیں ذمہ دار شہریوں کو بھی چوکس ہونا پڑے گااور ہر مشکوک سرگرمی پر نظر رکھتے ہوئے اس کی اطلاع ذمہ دار اداروں کو دینا ہوگی،اب یہ جنگ ہمارے گلے پڑ چکی ہے اور ہمیں مل کر ہی اسے لڑنا اور جیتنا ہے۔