• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سینٹرل کنٹریکٹ میں تبدیلی، سرفراز احمد کو بی کیٹگری ملنے کا امکان

کراچی (عبدالماجد بھٹی) چند دن پہلے پاکستان کرکٹ بورڈ نے سینٹرل کنٹریکٹ میں ریکارڈ ساز اضافہ کرتے ہوئے کرکٹرز کیلئے تین سالہ معاہدے کا اعلان کیا تھا۔ جس میں سابق کپتان سرفراز احمد، شان مسعود اور افتخار احمد کو ڈی جبکہ حیران کن طور پر عماد وسیم کو سی کٹیگری دی گئی تھی۔ نعمان علی اور ابرار احمد کو فہرست میں شامل ہی نہیں کیا تھا۔ لیکن مسلسل تنقید کے بعد پی سی بی نے فہرست میں ردو بدل کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کئی کھلاڑیوں کو کٹیگری تبدیل کی جارہی ہے اور نعمان علی،ابرار احمد اور زاہد محمود سمیت تقریباً پانچ سے8کھلاڑیوں کوفہرست میں جگہ دینے پر غور ہورہا ہے،سرفراز احمد کو بی کیٹگری دی جارہی ہے۔ حددرجہ ذمے دار ذرائع کے مطابق چیئرمین چوہدری ذکا ء اشرف نے فہرست پر نظر ثانی کی ہدایت کی ہے۔ سلیکشن کمیٹی اورٹیکنیکل کمیٹی اس فہرست سے لاتعلقی کا اعلان کرچکے ہیں۔ کئی کھلاڑیوں نے اپنے نام نچلی کٹیگری میں رکھنے پر شکایت کی ہے۔ پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ یہ فہرست ہارون رشید کی سلیکشن کمیٹی نے تیار کی تھی۔ اگر یہ بات مان لی جائے تو ہارون رشید ڈھائی ماہ قبل پی سی بی سے رخصت ہوگئے تھے پھر کس کی منظوری سے فہرست جاری کی گئی۔ فہرست کا اعلان ستمبر میں تین ماہ کی تاخیر سے کیا گیا تھا۔خیال رہے کہ بابر اعظم ، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کو اے کیٹگری دی گئی ہے، اے کٹیگری کےمعاوضے میں 202 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

اسپورٹس سے مزید