میری طرح ڈراموں سے سبق سیکھیں: فیروز خان

November 30, 2023

فیروز خان—فائل فوٹو

اہلیہ پر تشدد اور پھر طلاق کے باعث تنازعات میں گھرے رہنے والے پاکستانی اداکار فیروز خان نے مداحواں کو ڈراموں سے سبق سیکھنے کا درس دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اداکار نے پوسٹ شیئر کی اور بتایا کہ انہوں نے ڈراموں سے کیا سیکھا۔

انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ میری خواہش ہے کہ لوگ ڈراموں سے بہترین سبق سیکھیں جیسا کہ میں اب سیکھ رہا ہوں۔

انہوں نے ڈراموں سے حاصل کردہ سبق کے بارے میں مزید لکھا کہ جارحیت اور غصے کی بجائے دوسروں کا احساس کریں، تشدد نہیں بلکہ معاف کرنا سیکھیں۔ جزاک اللّٰہ۔

واضح رہے کہ فیروز خان ان دنوں جیو ٹی وی کے نئے ڈرامہ سیریل ’خمار‘ میں جلوہ گر ہو رہے ہیں جو گزشتہ جعمے سے شروع ہوئی ہے۔

سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کی پیشکش اور ماہا ملک کی تحریر کردہ ڈرامہ سیریل خمار کی کہانی یک طرفہ محبت کے گرد گھومتی ہے۔

علی فیضان کی ہدایت کاری میں بننے والے اس ڈرامہ سیریل کی مرکزی کاسٹ میں فیروز خان کے مدِ مقابل نیلم منیر ہیں جبکہ دیگر کاسٹ میں حنابیات، شہریار زیدی، زینب قیوم، بہروز سبزواری، اسما عباس، محمود اختر اور دیگر شامل ہیں۔